اسلام آباد ...وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اصل ہیرو پاکستانی کرکٹ ٹیم ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی جیت کر قومی ٹیم نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا۔ ملک و قوم کا نام بلند کرنے والے اصل لیڈر ہیں ہم تو صرف ٹائٹل کے وزیراعظم ہیں۔ منگل کو وزیراعظم ہاوس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچپن میں محلے میں کھیلنے کے لئے کوئی گراونڈ نہیں ہو تا تھا۔ جب گراونڈ نہ ہوں تو کھلاڑیوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ ہر یونین کونسل کی سطح پر گراونڈ ہونے چاہئیں۔ کالج کے دنوں میں کچھ لڑکوں نے ہمیں گراونڈ سے نکال دیا تھا۔ اس وقت بہت تکلیف ہوئی تھی اتنی پانامہ کیس پر بھی نہیں ہوئی ۔جس دن میچ ہوتا تو رات کو نیند نہیں آتی تھی۔ گراونڈ میں جاکر ایک دن پہلے وکٹ تیار کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں قومی ٹیم کی حالت ایسی تھی جیسی پاکستان کی تھی۔ آج پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ امن وامان کی بحالی سیاحوں کو پاکستان کی طرف کھینچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر یارخان پاکستا ن میں آکر کرکٹ کھیلنے کیلئے کسی ملک کی منت نہ کریں ۔ کوئی خوشی سے آتا ہے تو آئے۔ نہ آتا ہے تو نہ آئے۔ ایک دن سب بھاگے بھاگے آئیں گے۔تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں ایک ایک کروڑ کے انعامی چیک تقسیم کئے۔