Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلبہ کو معیاری تعلیم ملنی چاہئے، اساتذہ اچھی مثال بنیں،سفیرہند احمد جاوید

جدہ ( امین انصاری ) ہندوستانی سفیر احمد جاوید نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ طلباء کیلئے اچھی مثال بنیں ۔ ذہین بچوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کیا جائے ۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ طلباء کو اعلی معیاری تعلیم دینی چاہئے ۔ وہ یہاں انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے 48 ویں سالانہ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر دسویں اور بارھویں کے امتخانات میں نمایاں رہنے والے طلباء کو ایوارڈ پیش کئے گئے جبکہ اساتذہ کو بھی ان کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر قونصلر جنرل ہند محمد نور رحمان شیخ ، نائب قونصل جنرل اور قونصل حج شاہد عالم بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی سفیر نے کہا کہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا معاشرے کے ہر شخص کی ضرورت ہے ۔ ہر ذمہ دار شہری چاہے وہ پولیس افسر ہو ، ٹیچر ہو ، تاجر ہو یا کسی بھی پیشے سے تعلق رکھتا ہو قانون کا پابند ہے ۔ قونصل جنرل محمد نور رحمان شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی کنجی سخت محنت ہے ۔ انہوں نے اس امر کا اعتراف کیا کہ طلباء کی مجموعی شخصیت کو بہتر بنانے کیلئے والدین اور اسکول کے اساتذہ کی انتھک محنت شامل ہوتی ہے ۔اس موقع پر اسکول کی منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد آصف رمیز داؤدی نے سی بی ایس سی کے امتحانات میں 100 فیصد نمبر لانے کا ریکارڈ بنانے پر اسکول کے عملے ، والدین اور اساتذہ کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو دنیا کی چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھے اقدار کے بغیر کامیابی کو کسی بھی طور کامیابی سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا ۔ اسکول کے پرنسپل سید مسعود احمد نے تقریب کے شرکاء کا خیر مقدم کیا اورسالانہ رپورٹ پیش کی ۔ اسکول نے 2016-17 کے تعلیمی سال کے دوران جن مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا اور کامیابیاں حاصل کیں ان سے شرکاء کو روشناس کروایا ۔ اسکے بعدگرلز سیکشن کی طالبات نے نغمہ سناکر شرکاء کا خیر مقدم کیا ۔ پرنسپل اور چیئرمین نے مہمان خصوصی ، اعزازی مہمان اور اسکول کے آبزرور کو مومنٹوز پیش کئے ۔

شیئر: