اسلام آباد... مسلم لیگ (ن) نے پانامہ کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ کو ردی قرار دے کر مسترد کردیا۔ پیر کواسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ رپورٹ اور اس کے مندرجات ہمارے لئے نئے ہیں نہ کسی اور کے لئے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ عمران نامہ ہے۔ رپورٹ میں وہی الزامات لگائے گئے جو عمران خان ایک سال سے لگا رہے ہیں ۔ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو صرف 13 سوالات کا مینڈیٹ دیا تھالیکن اس کی رپورٹ مخالفین کے الزامات کی ترجمانی کرتی ہے۔احسن اقبال نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو دھرنا نمبر 3 قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس کے پیچھے سیاسی ایجنڈا ہے جس کے جھوٹ کو سپریم کورٹ کے سامنے بے نقاب کریں گے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ رپورٹ میں رحمٰن ملک کی باتوں پر بہت زیادہ انحصار کیا گیا ۔سورس رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانونی نہیں سیاسی جنگ ہے۔ ہمیں سپریم کورٹ پر پورا اعتماد ہے۔بیرسٹر ظفراللہ نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ دراصل پی ٹی آئی رپورٹ ہے۔