کویت :بنگالی صفائی کارکن کئی سال سے ڈاکٹرکی حیثیت سے کام کرتا رہا
اتوار 16 جولائی 2017 3:00
کویت سٹی:کویت میں ایک بنگلہ دیشی صفائی کارکن کا انکشاف ہوا ہے جو کئی سال کویتی وزارت صحت میں ڈاکٹر کی حیثیت سے نہ صرف کام کرتا رہا بلکہ وزارت کے اعلی عہدوں پر بھی فائز ہوگیا۔ سوشل میڈیا میں شائع ہونے والی تفصیلات مقامی اخبار القبس نے جاری کی ہیں جس کے مطابق عراقی قبضے سے پہلے بنگالی صفائی کارکن جعلسازی کرکے وزارت صحت کے تحت کام کرنے والے اسپتال میں ڈاکٹر کی حیثیت سے بھرتی ہوگیا۔ اس نے ایک کویتی ڈاکٹر کے شناختی کاغذات میں جعلسازی کی اور کارڈ پر اپنی تصویر چسپاں کردی۔ اس نے جعلی کاغذات کے ذریعہ کویتی شہریت حاصل کی ۔ واضح رہے کہ کویتی ڈاکٹر عراقی قبضے سے پہلے ملک چھوڑ کر نیوزی لینڈ چلا گیا تھا اور وہیں وفات پا گیا۔ بنگلہ دیشی صفائی کارکن جعلی ڈاکٹر کے روپ میں وزارت کے اہم عہدوں پر فائز ہوگیا۔دوسری طرف کویتی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر احمد الشطی نے کہا ہے کہ مبینہ جعلی ڈاکٹر کے تمام کاغذات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ وزارت تفتیش مکمل کرنے کے بعد ہی اعلامیہ جاری کرے گی۔