Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولیعہد سے فرانسیسی وزیر خارجہ کی ملاقات،قطری بحران کے حل کیلئے کویتی کردار کی حمایت

جدہ(واس) سعودی ولی عہد و نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ہفتے کو فرانسیسی وزیر خارجہ نے ملاقات کی بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ عادل بن الجبیر سے مذاکرت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پرفرانس کے وزیر خارجہ ژاں یوس لی دریان نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کیلئے سعودی عرب کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ بحران کے حل کے لئے کویت کے کردار کی حمایت کرتے ہیں۔ امید ہے کہ خلیجی بحران جلد از جلد ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس انسداد دہشت گردی کے علمبردار چاروں ممالک اور قطر سے بحران کے حل کی امید رکھتا ہے۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کیلئے فنڈنگ کی روک تھام پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ترقی کے نئے دروازے کھولیں گے۔ اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ قطر کے تجاوزات پر مشتمل دلائل فرانس کے حوالے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس ثالثی کا کردار ادا کئے بغیر بحران کے حل کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ خلیجی بحران کا خاتمہ مذاکرات کے ذریعے سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے وزیرخارجہ کے ساتھ خطے کو درپیش صورتحال کے علاوہ شام ، عراق اور یمن کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ قبل ازیں فرانس کے وزیرخارجہ نے قطر دورہ کر کے قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کی۔ دوحہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لی دریان نے کہا کہ خلیجی بحران سے فرانس کو انتہائی تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر بحران کے حل کیلئے تیار ہے تاہم اس کی شرط ہے کہ اس کی خود مختاری قائم رہے۔ انہو ںنے کہا کہ ثالثی کا کردار ادا کرنے پر کویت اور بحران کے حل کیلئے امریکی وزیرخارجہ کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ خلیجی بحران سے کسی بھی فریق کو فائدہ نہیں ہو گا۔ فرانس کو مصالحتی کوششوں میں سہولت کار ہونا چاہیے۔ فرانس مسئلے کے حل کے لئے بات چیت کررہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قطر کے ساتھ تعاون بڑھانا چا ہتے ہیں اور خاص طور پر دہشت گردی کے لئے رقوم کی منتقلی کی روک تھام کے لئے اقدامات کر یں گے۔دریں اثناء فرانسیسی وزیر خارجہ نے قطری بحران کے حل کے لئے کویت کی مصالحانہ کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کرنے کے لیے اقدامات کئے جانے چا ہئیں۔ ہفتے کو دوحہ سے جاری بیان میں انہوں نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف جنگ کی ضرورت پر زور دیا ۔ا نہوںنے کہا کہ فرانس قطر اور 4 عرب ممالک کے درمیان جاری بحران کے خاتمے کے لئے کویت کی ثالثی کی کوششوں میں معاونت کرنا چاہتا ہے۔

شیئر: