ریاض۔۔۔۔ایوان شاہی کے مشیر اور ابلاغی امور و مطالعات مرکزکے نگران اعلیٰ سعود القحطانی نے خبردار کیا ہے کہ قطر کے خود ساختہ بہادر کویت کی آزادی کی تاریخ مسخ کررہے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ کویت کی آزادی کا سہرا قطر کے سر جاتا ہے۔ القحطانی نے توجہ دلائی کہ تاریخ گواہ ہے کہ قطر نے کویت پر لشکر کشی کے مسئلے پر بحث کیلئے خلیجی سربراہ کانفرنس کی میزبانی کی ضد کی تھی اور حمد کے اس انتباہ کے بعد کہ اگر خلیج کے رہنماؤں نے قطر کو میزبانی کا موقع نہ دیا تو وہ کانفرنس کو ناکام بنادیں گے۔ خلیجی رہنماؤں نے قطر کو میزبانی کا موقع دیدیا تھا۔ القحطانی نے مزید بتایا کہ سربراہ کانفرنس کے موقع پر حمد بن خلیفہ نے اس وقت کے امیر قطر اور اپنے والد سے مائک چھین کر خلیجی قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا’’ہم سربراہ کانفرنس کے رہنماکویت پر لشکر کشی کے مسئلے پر اس وقت تک بحث نہیں کرینگے تاوقتیکہ حوار جزیرے کا مسئلے طے نہ کرلیا جائے اور بحرین یہ اقرار نہ کرلے کہ حوار جزیرہ اس کا نہیں بلکہ قطرکا ہے۔‘‘القحطانی بتاتے ہیں کہ اس موقع پر شاہ فہد ؒ اور دیگر خلیجی قائدین نے حمد بن خلیفہ کی سرزنش کی تھی اور انہیں اپنے والد شیخ خلیفہ کی شان میں گستاخی پر سخت سست کہا تھا۔ القحطانی کی یہ وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر مقبولیت کا انتہائی اعلیٰ ریکارڈ حاصل کررہی ہے۔ ابتک اس پر ہزاروں شائقین پسندیدگی کااظہا کرچکے ہیں۔