نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پھر کہا ہے کہ گئورکشا کے نام پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ کل جماعتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ اس طرح کے تشدد کو سیاسی فائدے کیلئے فرقہ وارانہ رنگ دینا ملک کے فائدے میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ گائے کو ماں کا درجہ دیا جاتا ہے لیکن اس کے بہانے قانون کو ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں۔مودی نے کہا کہ گئو رکشا کی آڑ میںبہت سے لوگ ذاتی دشمنی کے باعث قانون ہاتھ میں لیکر خوفناک جرائم کررہے ہیں۔ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے آئے دن تشدد کی خبریں آرہی ہیں۔ لوگوں کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیاجارہا ہے۔اجلاس میں بدعنوانی کے حوالے سے مودی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف تمام جماعتیں متحد ہوجائیں ۔قانونی کارروائی کو سیاسی سازش قراردینے کی کوشش ناکام بنا دی جائے۔ہمیں عوام کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ ہر لیڈر داغی نہیں اور نہ ہر کوئی پیسے کے پیچھے بھاگتا ہے۔