Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی آلودگی، نئی دہلی میں 15 برس پرانی گاڑیوں کو پیٹرول نہیں ملے گا

پیٹرول پمپس پر ایسے آلات نصب کیے جائیں گے جو پرانی گاڑیوں کی شناخت کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ جلد شہر میں 15 برس سے پرانی گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے والے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نئی دہلی کی حکومت نے شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو کم کرنے کی کوششوں کے ضمن میں اس اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی میں فضائی آلودگی کے اسباب سے متعلق عام طور پر نواحی علاقوں کے کسانوں کا ذکر کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے کھیتوں کو ہل کے لیے تیار کرنے کے لیے فصلوں کی باقیات کو آگ لگاتے ہیں۔
ہر سال موسم سرما میں درجہ حرارت اور ہوا کی رفتار میں کمی کی وجہ سے فضاء میں دھوئیں اور گردوغبار میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ نئی دہلی میں 10 سے 15 برس پرانی کاروں کا داخلہ پہلے ہی منع ہے لیکن اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والی کئی گاڑیاں اب بھی سڑکوں پر دکھائی دیتی ہیں۔

حالیہ برسوں میں انڈیا میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کا سبب فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کو قرار دیا جاتا رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دہلی کے وزیر ماحولیات مجندر سنگھ سِسرا نے سنیچر کو صحافیوں کو بتایا کہ ’فضائی آلودگی، اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور ان کے علاج سے متعلق ایک میراتھون اجلاس میں پرانی گاڑیوں کو ایندھن (پیٹرول اور ڈیزل) فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 31 مارچ 2025 کے بعد دہلی میں 15 سال پرانی گاڑیوں کو ایندھن نہیں دیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس پر ایسے آلات نصب کیے جائیں گے جو پرانی گاڑیوں کی شناخت کریں گے۔
وزیر ماحولیات نے مزید بتایا کہ بنجر زمینوں میں جنگلات اگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور شجرکاری میں یونیورسٹیوں کے طلبہ کو شریک کیا جائے گا۔
مجندر سنگھ سسرا کے مطابق اونچی عمارات، ہوٹلز اور دہلی ایئرپورٹ کے لیے اینٹی سموگ گنز کی تنصیب بھی لازم قرار دی جائے گی۔

 

شیئر: