جدہ (پ ر) ہر سال کی طرح اس سال بھی انجینئرز ویلفیئر فورم نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا۔پاکستان سے آئے ہوئے ممتازصحافی، کالم نگار،روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر مظفر اعجاز مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کی صدارت فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالعلیم خان نے کی۔ جامعہ ملک عبدالعزیزجدہ کے پرفیسر ڈاکٹر آصف احمد خان اعزازی مہمان تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت انجینئر قاری محمد آصف نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول احمد رضا ہاشمی نے پیش کی۔ ڈاکٹرعبدالعلیم خان نے صدارتی خطاب میں پاکستانی انجینئروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئروں نے دنیا سے سائنس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔انھوں نے کہا کہ تحقیق کے میدان میں مغرب سے پیچھے ہیں۔اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ فورم کے سینئر ممبرانجینئر آصف محمود بٹ نے فورم کے اغراض و مقاصد اورسرگرمیوں سے آگاہ کیا۔اعزازی مہمان پروفیسر آصف احمد خان نے پاکستان اور قران کے موضوع پر خطاب کیا۔مہمان خصوصی سید مظفر اعجازنے فورم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہر شخص کو چاہیے کہ وطن کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے انھوں نے صحافت،اچھی صحافت اور زرد صحافت کے فرق کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔معروف صحافی سید مسرت خلیل نے مظفر اعجاز کا تعارف پیش کیا۔جنرل سیکریٹری انجینئرمسرور الہی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ اگر ہم سب ایمانداری اور محنت سے اپنا کردار ادا کریں تو پاکستان کو دنیا میں اعلی مقام دلا سکتے ہیں۔نظامت کے فرائض پی آرسی کے کنوینئر انجینئرسید احسان الحق نے ادا کئے۔مولانا حبیب الرحمن نے سعودی عرب، پاکستان اور مسلم امہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کرائی۔