نئی دہلی۔۔۔۔منتخب صدر جمہوریہ راج ناتھ کووند نے اپنے آبائی شہر کانپور کے ایک گاؤں میں آنکھ کھولی اور وہیں اپنا بچپن گزارا اور جھگی سے اٹھ کر 2لاکھ مربع فٹ پر بنے ہوئے راج بھون میں مقیم ہوگئےجو340کمروں پر مشتمل ہے۔صدر جمہوریہ کے انتخاب کے وقت نئی دہلی میں علی الصبح جو بارش ہوئی تھی اس سے انہیں اپنا بچپن یاد آگیا کہ کس طرح وہ جھگی میں رہتے ہوئے بارش رکنے کا انتظار کرتے تھے کیونکہ ان کی جھونپڑی بری طرح ٹپکتی رہتی تھی۔ کووند نے گزشتہ روز کہا کہ ووٹنگ کا دن میرے لئے بڑا جذباتی تھا۔ صبح سے ہونیوالی بارش نے مجھے بچپن کے دن یاد دلا دیئے جب میں اپنے آبائی گاؤں میں رہا کرتا تھا۔ کچا تھا ، مٹی کی دیوار تھی،بارش کے وقت پھوس کی چھت پانی روک نہیں سکتی تھی ۔ ہم سب بھائی بہن کمرے کے باہر کھڑے ہوکر انتظار کرتے تھے کہ بارش کب ختم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صدر کا انتخاب مجھے عظیم ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے کیونکہ اسی عہدے پر راجندر پرساد ،رادھا کرشنن، اے پی جے عبدالکلام اور پرنب مکھر جی جیسے عظیم اسکالرز کام کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا انتخاب ایسے تمام لوگوں کیلئے پیغام ہے جو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھاتے ہیں۔