لکھنؤ(ظفر محمد) قومی فوڈ سیکیورٹی قانون کے تحت جاری کئے گئے راشن کارڈ میں درج ہر ممبر کا آھار کارڈ لنک کیا جائے گا۔ابھی تک صرف کنبہ کی سینیئرلیڈی رکن کے آدھار کارڈ کی تفصیلات ہی لنک جاتی تھیں۔ راشن بھی اسی کو دیا جاتا تھا۔ اب اترپردیس کے فوڈ اینڈ لاجسٹکس کمشنر نے تمام ڈی ایم کو ایک ہدایات بھیج کر راشن کارڈ میں درج تمام ارکان کا آدھار کارڈ لنک کرنے کو کہا ہے۔ دراصل الٰہ آباد ہائی کورٹ میں ضلع شاملی کے رہائشی 6 میونسپلٹی ارکان راکیش سینی و دیگر نے مفاد عامہ کی عرضی داخل کی ہے۔ پٹیشن پر بنیادی جسٹس ڈی بی کے بھوسلے اور جسٹس ایم کے گپتا کی بنچ میں سماعت ہوئی ۔اس دوران ریاستی حکومت کی جانب سے غذا اور رسد کمشنر کی ہدایات کی معلومات بنچ کو دی گئی۔ کورٹ نے ہدایات جاری ہو جانے کی وجہ سے درخواست کا ازالہ کر دیا۔دراصل عرضی میں ڈی ایم شاملی کے رواں سال 27 جون کو دیے گئے اس حکم کو چیلنج کیا گیا تھا، جس میں کنبہ کی خاتون سربراہ کاہی آدھارا کارڈ اور انگوٹھا لنک کرنے کی بات کہی گئی ہے۔اس بنیاد پر راشن کارڈ ملنا ہے۔ عرضی گزار کی جانب سے دلیل دی گئی کہ صرف خاندان کی سربراہ خاتون کا آدھار نمبر ہی لنک کرنا ایکٹ کی دفعات کے برعکس ہے۔ ایکٹ میں کنبہ کے تمام اراکین کا آدھار لنک کرنے کا انتظام ہے۔ اس کنبہ کا کوئی بھی رکن راشن حاصل کر سکتا ہے۔