Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمانی بستی وکان، جہاں سال بھر دن3گھنٹے کا ہے

مسقط سے 150کلو میٹر کی دوری پر ہے،یہاں سورج صبح 11بجے طلوع ہوتا ہے اور 2بجکر 30منٹ پر غروب ہوجاتا ہے
 
عبد الستارخان
 
عمان میں وکان نامی بستی جہاں قدرتی حسن وجمال میں اپنی مثال آپ ہے وہیں اس بستی کی وجہ شہرت یہ ہے کہ یہاں سال کے اکثر ایام میں 3 گھنٹے کا دن ہوتا ہے۔
 وکان سطح سمندرسے 2ہزار میٹر کی بلندی پر ہے۔ یہاں سورج صبح 11بجے طلوع ہوتا ہے اور 2بجکر 30منٹ پر غروب ہوجاتا ہے۔ اس طرح سال کے اکثر ایام میں یہاں دن 3گھنٹے سے زیادہ کا نہیں ہوتا۔
 
وکان دارالحکومت مسقط سے 150کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ بستی کا قدرتی حسن دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں۔ بلندی پر چڑھنے کیلئے انتہائی مشقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چوٹی پر پہنچنے کیلئے فور وہیل گاڑیوں کی ضرورت ہے۔ دشوار گزار پہاڑوں سے گزر تا ہوا راستہ بلندی تک لیجاتا ہے۔1100کلو میٹر مسافت طے کرنے کے بعدسڑک ختم ہوجاتی ہے اور بستی تک پہنچنے کیلئے 700سیڑھیاں چڑھنا پڑتی ہیں۔ بلندی تک پہنچنے کے بعد قدرتی حسن دیکھ کر سیاح راستے کی مشقت بھول جاتے ہیں۔وکان جزیرہ نما عرب کے جنوب مشرقی حصے میں واقع ہے۔ یہ الحجر پہاڑی سلسلے کا حصہ ہے۔ بستی میں انگور، اناراورآلو بخارے کے باغات ہیں۔ علاوہ ازیں بستی میں مختلف قسم کی پیداوار ہوتی ہے۔
 
بستی تک پہنچنے کیلئے عمانی حکومت نے سیاحوں کیلئے تمام تر ضروریات فراہم کررکھی ہیں۔بستی میں بھی چند دن گزارنے کیلئے تمام اسباب مہیا کئے گئے ہیں۔بستی میں حکومت عمان نے سیاحوں کے استقبال کیلئے باقاعدہ مرکز قائم کررکھا ہے جو سیاحوں کی رہنمائی کرتا ہے۔ یہاں کے سبزہ زاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے حکومت کی جانب سے گائیڈ مقررہیں۔ وکان ایسی جگہ ہے جہاں جاکر آدمی انتہائی مسرت محسوس کرتا ہے۔ قدرتی مناظر کے شائقین وکان میں دلی سکون محسوس کریں گے۔
 
سوشل میڈیا میں یہ بات عام ہے کہ بستی کے لوگ رمضان المبارک میں صرف 3گھنٹے روزہ رکھتے ہیں مگر یہ بات حقیقت کے منافی ہے۔ جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے بستی میں سورج 3گھنٹے نکلتا ہے لیکن بستی کے لوگ مسقط کے اوقات کے حساب سے سحر و افطار کرتے ہیں۔
 
وکان بستی کے متعلق القصیم یونیورسٹی میں جغرافیہ کے استاد ڈاکٹر عبداللہ المسند کہتے ہیں کہ بستی کا محل وقوع ایسا ہے کہ یہاں کے رہائشیوں کو سورج اس وقت نظر آتا ہے جب وہ آسمان کے عین وسط میں ہوتا ہے۔ یہ بات حقیقت سے عاری ہے کہ یہاں کے لوگ3 گھنٹے کا روزہ رکھتے ہیں۔ 
 
عمانی حکومت نے بھی واضح کیا ہے کہ وکان کے رہائشی طلوع فجر سے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ بستی میں سورج صرف 3گھنٹے کیلئے نظر آتا ہے۔
 
 

شیئر: