Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش آخری مراحل میں داخل

میلبورن... آسٹریلوی ڈومیسٹک لیگ بگ بیش آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔ گزشتہ روز برزبن ہیٹ نے میلبورن اسٹارز کیخلاف 7 وکٹوں سے آسان فتح سمیٹتے ہوئے پلے آف راونڈ میں جگہ بنالی ۔ اس کامیابی سے برزبن ہیٹ نے 7 میچوں میں 10 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر میلبورن اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ لیوک رائٹ ناقابل شکست 60 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ گوچ نے 30 رنز اسکور کئے۔ کپتان ڈیوڈ ہسی 29 رنز بناکر آvٹ ہوئے۔ میلبورن اسٹارز کے دو کھلاڑی صرف ایک رن پر آوٹ ہوچکے تھے تاہم لیوک رائٹ نے گوچ کے ساتھ مل کر صورتحال کو سنبھالا اور اسکور کو 56 رنز تک پہنچایا ۔ اس مرحلے پر میلبورن اسٹارز کو ایک مرتبہ پھر یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں سے محروم ہونا پڑا جب گوچ کے بعد اسٹوئنز صفر پر آvٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ ہسی نے لیوک رائٹ کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا اور 138 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ لیوک رائٹ نے 55 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کئے۔ ان کے ساتھ ایڈمز زمپا بغیر کوئی رن بنائے ناقابل شکست لوٹے۔ ایسٹیکٹے اور سوئپسن نے 2 ، 2 وکٹیں لیں۔ برزبن ہیٹ نے اوپنر ہیزلٹ کے 39 اور چوتھے اور پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے روس اور جوائے برنز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر فتح سمیٹ لی۔ روس اور برنز 46 اور 42 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ سویپسن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈدیا گیا۔ 
 

شیئر: