Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں جلسہ

 
 ادارے میں 10ہزار طلباءزیر تعلیم ہیں، نئی عمارت کا حصول ناگزیر ہوچکا ہے ، والدین کو جلد خوشخبری دی جائیگی،پرنسپل کا خطاب
 
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کا سالانہ جلسہ تقسیم انعامات سینیئر بوائز ونگ میں انعقاد پذیر ہوا۔ سفیر پاکستان منظور الحق مہمان خصوصی تھے دیگر مدعوئین میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور اسکول کے لنک افسر محمد حسن وزیر، کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین او رکمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ اور محمود لطیف کے علاوہ پاکستانی عمائدین ، اساتذہ اور طلباءاور انکے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر افضال حسین شاہ اور طلبا٬ءزین عارف اور احمد باجوہ نے کی۔اسکول کے وائس پرنسپل پروفیسر گوہر رفیق نے گزشتہ برس کی رپورٹ پیش کی اور واضح کیا کہ ادارے کے فیڈرل بورڈ اسلام آباد کے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی امتحانات میں نتائج گزشتہ برسوں سے بہتر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ ثانوی امتحان میں ناصریہ اسکول کے طالب علم انس نذیر نے نہ صرف خلیجی ممالک میں قائم پاکستانی مدارس میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی بلکہ فیڈرل بورڈ کے زیر انتظام سارے مدارس میں 8ویں نمبر پر آئے تھے۔ گوہر رفیق نے والدین پر زور دیا کہ اپنے بچوں کی اسکول میں حاضری کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی نرمی کا مظاہرہ نہ کریں۔ تقریب کے اس حصے میں محمد حسن وزیر اور پروفیسر گو ہر رفیق نے میٹرک کے امتحانات میں سائنس گروپ، کمپیوٹر سائنس اور جنرل گروپ میں پوزیشنیں اور اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلباءمیں اسناد ، میڈل اور شیلڈز تقسیم کیں۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءکو انعامات سفیر پاکستان اور پرنسپل پروفیسر طاہر رضا عابد نے دیئے۔ فیڈرل بورڈ کے دونوںامتحانات میں اعلیٰ نتائج حاصل کرنے والے اساتذہ کو بھی شیلڈز اور اسناد دی گئیں۔ معروف تاجر شیخ سعید ا حمد نے 4نادار لیکن مستحق طلباءکے لئے فیس کی ادائیگی کا اعلان کیا۔
پرنسپل نے مہمان خصوصی، سفارتخانے کے افسران اور کامیاب طلباءکے والدین کا تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کیا ۔ پروفیسر طاہر رضا عابد نے کہا کہ بعض نامساعد حالات کے باوجود ادارہ شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کے لائسنس کی تجدید ہونی ہے لیکن اس کے لئے بعض شرائط پوری نہیں ہوپارہی ہیں۔ دفاع المدنی سے سرٹیفکیٹ کا حصول بھی اہم رکاوٹ ہے۔ اسکول میں نئے داخلوں میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے۔ داخلے کے خواہشمند بچے کو اردو زبان آتی ہو یا نہ اسے قبول کرلیا جاتاہے۔ اس وقت ادارے میں 10ہزار بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں، نئی وسیع تر عمارت کا حصول ناگزیر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جلد اس سلسلے میں والدین کو خوشخبری دی جائیگی ۔ پرنسپل نے بتایا کہ ریا©ض میں قائم پاکستان ڈاکٹرز گروپ، پاکستان کلچر گروپ اور بعض صاحب استطاعت مخیر حضرات ایسے طلباءکی مدد کررہے ہیں۔ اپنے خطاب میں سفیر پاکستان منظور الحق نے اچھے نتائج حاصل کرنے پر اساتذہ، طلباءاور انکے والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ادارے کے لئے جلد ہی ایک بڑی عمارت حاصل کرلی جائیگی۔ انہوں نے اسکول میں ایک ایسا نظام وضع کرنے پر زور دیا جس کے تحت حاجت مند بچوں کی فیس میں کمی کردی جائے اور اسکول کو بیرونی عطیات کی حاجت نہ رہے۔ قومی ترانے پر تقریب کا اختتام ہوا۔سفیر پاکستان اور محمد حسن وزیر کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
فیڈرل بورڈ اسلام آباد کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کیلئے تقریب تقسیم انعامات سینیئر گرلز ونگ ون میں ہوئی۔ بیگم سفیر پاکستان نگہت منظور الحق مہمان خصوصی تھیں۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ ونگ انچارج مسز فضہ شاہد نے مہمان خصوصی طالبات اور انکے والدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے گزشتہ برس کی کارکردگی پر رپورٹ پیش کی اور واضح کیا کہ سینیئر گرلز ونگ ون میں انٹرمیڈیٹ کا نتیجہ 95.6فیصد جبکہ میٹرک کا نتیجہ 90فیصد رہا تھا۔ انہوں نے خصوصاً اساتذہ کی محنت کو سراہا اور انکا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی نے کامیاب طالبات اور انکے اساتذہ میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔ اپنے خطاب میں بیگم نگہت منظور الحق نے طالبات پر زوردیا کہ وہ سخت محنت کو اپنا شعار بنائیںاور اپنے والدین اور اساتذہ کا احترام کریں۔ وائس پرنسپل ثروت اقبال نے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود اسکول کی کارکردگی قابل فخر رہی ہے۔ دونوں ونگز میں ہونے والی تقاریب کی خاص بات یہ تھی کہ طلباءاور طالبات نے انتہائی دلکش ٹیبلوز پیش کرکے اپنے وطن کی علاقائی اور صوبائی ثقافت کو اجاگر کیا۔
 

شیئر: