Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاہد آفریدی کے پاس اب پانچ رحمتیں ہیں‘

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد لالا خدمت خلق کے کاموں میں مصروف ہیں۔ فوٹو: شاہد آفریدی
پھولوں سے تشبیہہ دی جائے یا آنکھوں کی ٹھنڈک پکارا جائے، گھر کی رونق کہیں یا خاندان بھر کی مصروفیت، ہر خوبصورت لفظ اور احساس کو بیان کرنے والا کوئی بھی جملہ بچوں سے متعلق جذبات کو بیان کرنے میں ناکافی ہی لگتا ہے۔
پاکستانی سوشل میڈیا کے ساتھ بھی گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران کچھ ایسا ہی ہوا۔ جارحانہ بلے بازی سے شہرت کی نئی بلندیاں چھونے والے شاہد خان آفریدی المعروف لالا کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے لیکن ان کی مصروفیات اب بھی شہ سرخیاں بناتی ہیں۔
سوشل ورک اور یوٹیوبنگ میں مصروف رہنے والے سابق پاکستانی کرکٹر نے اپنے ہاں پانچویں بیٹی کی پیدائش کی اطلاع پبلک کی تو سوشل میڈیا صارفین انہیں مبارک باد دینے کے علاوہ بیٹیوں سے جڑے خوبصورت احساسات، تجربات اور مشاہدات بھی شیئر کرتے دکھائی دیے۔ معاملہ یہاں تک محدود نہیں رہا بلکہ بوم بوم آفریدی پکارے جانے والے شاہد آفریدی کا نام ٹوئٹر ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بھی بن گیا۔
شاہد آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ان پر اللہ کی لامحدود رحمتیں اور مہربانیاں ہیں، چار خوبصورت بیٹیوں کی موجودگی میں پانچویں بیٹی کی رحمت عطا کی گئی ہے۔‘ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے #FourbecomeFive کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
لالا کے ہاں پانچویں بیٹی کی پیدائش پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد دی اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔ کچھ صارف ایسے بھی تھے جو شاہد آفریدی کی ہر دلعزیز اور سدا بہار شخصیت کی نشاندہی کرتے رہے۔ گوتم گویتریکار نامی صارف نے لکھا ’جلد ان کی بیٹی 22 برس کی ہو جائیں گی لیکن وہ خود پھر بھی 21 کے ہی رہیں گے‘۔

آفریدی کی شخصیت کے متعلق یہ رائے رکھنے میں گوتم اکیلے نہیں تھے بلکہ دیگر صارفین بھی ان کے حامی نظر آئے۔ مصدق حسین نامی ٹوئٹر صارف نے پی ایس ایل ٹیم ملتان سلطانز کو پسند کرنے کی وجہ ہی اس میں آفریدی کی موجودگی قرار دی۔

شاہد آفریدی کی پانچویں بیٹی کی ولادت پر اگرچہ بیٹوں اور بیٹیوں سے متعلق جذبات کا تقابل تو نہیں ہوا لیکن کچھ صارف معاشرتی رویوں کی نشاندہی سے باز نہ رہ سکے۔ سحرش خان نامی ہینڈل نے ایسا ہی ایک قول شیئر کرتے ہوئے لکھا ’میرا بیٹا اس وقت تک میرا بیٹا ہے جب تک اسے بیوی نہ مل جائے، البتہ میری بیٹی زندگی کے آخری لمحے تک میری بیٹی ہی ہے‘۔

اب یہ مشکل لگتا ہے کہ موضوع کوئی بھی ہو، سوشل میڈیا اس پر گفتگو کرے اور مزاح یا طنزیہ رنگ سے اسے بچا رہنے دے۔ لالا کے ہاں بیٹی کی ولادت پر بھی کچھ صارف ایسا کرنے سے باز نہ رہ سکے۔ نراگ نامی انڈین ہینڈل نے لکھا کہ ’لالا پاکستان وومن کرکٹ ٹیم بنانے کی راہ پر ہیں‘۔ اس موقع پر 11 رکنی کرکٹ ٹیم کی تشبیہ استعمال کرنے پر نراگ کو کچھ صارفین کی جانب سے سخت سننا پڑیں۔

نقاش بھٹی نے ان سے استفسار کیا کہ ’آپ کو کوئی مسئلہ ہے‘ جب کہ وائز گرل نامی ہینڈل نے جوابی طنز کرتے ہوئے لکھا ’یہ تو بتائیں ابھینندن کیسے ہیں؟‘
45 سالہ شاہد آفریدی کو بیٹی کی پیدائش پر مبارک باد دینے والے بیٹیوں سے متعلق اپنے خوبصورت جذبات کا اظہار بھی کرتے رہے۔ ایک صارف نے ہر بیٹی کے رحمت ہونے کی یاددہانی کراتے ہوئے آفریدی سے کہا کہ ان کے پاس اب پانچ رحمتیں ہیں۔

  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: