Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موٹروے پر پولیس اہلکار کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی خاتون ڈرائیور کی شناخت ہوگئی

تھانہ نصیرآباد پولیس کے مطابق واقعہ جنوری 2024 میں پیش آیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
اسلام آباد میں موٹروے ٹول پلازہ پر پولیس اہلکار کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی خاتون کی شناخت ہو گئی ہے۔
گذشتہ دو روز سے پاکستان بھر میں اس واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید رنگ کی گاڑی میں سوار خاتون نے پولیس افسران سے تلخ کلامی کی اور ایک اہلکار کو گاڑی سے ٹکر مارتے ہوئے فرار ہو گئیں۔
منگل کے روز ترجمان موٹروے پولیس نے واقعے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ واقعہ یکم جنوری 2024 کو اسلام آباد ٹول پلازہ پر پیش آیا، جس کے بعد خاتون ڈرائیور کے خلاف ضلع راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد میں دفعہ 279، 186، 337G اور 427 کے تحت ایف آئی ار درج کروا دی گئی تھی۔
واقعہ پیش آنے کے چار ماہ بعد راولپنڈی پولیس نے اب دعویٰ کیا ہے کہ خاتون کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
تھانہ نصیرآباد کے ایس ایچ او محمد ابراہیم کے مطابق خاتون کا نام فرح ہے اور جو گاڑی وہ چلا رہی تھیں وہ ان کی والدہ کے نام پر رجسٹرڈ ہے، تاہم معاملہ زیرتفتیش ہونے کے باعث خاتون کی مکمل شناخت ظاہر نہیں کی جاسکتی۔
واضح رہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا تھا کہ خاتون موٹروے پر مقررہ حد رفتار سے تیز زگ زیگ انداز میں گاڑی چلا رہی تھیں، جب انہیں روکا گیا تو انہوں نے پولیس سے تعاون کرنے سے انکار کیا اور تلخ کلامی شروع کر دی۔
پولیس اہلکار کے مطابق سفید رنگ کی ہنڈا سوک میں سوار خاتون سے کوائف طلب کیے گئے تو انہوں نے ٹول پلازہ کی حد عبور کرتے ہوئے ان پر گاڑی چڑھا دی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

شیئر: