Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکی اقتصاد میں تارکین کا بہت بڑا حصہ ہے ،منظور الحق

 
پاک میڈیا فورم اپنے فرائض بخوبی ادا کررہا ہے، سابق سفیرپاکستان
 
ریاض (جاوید اقبال) سابق سفیر پاکستان منظور الحق نے کہا ہے کہ آج موبائل فون نے خبر سازی کے عمل کو انتہائی آسان بنادیا ہے اور پاک میڈیا فورم کے ارکان مکمل وسائل نہ رکھنے کے باوجود اپنا کام عمدگی سے کررہے ہیں۔ وہ اپنے اعزاز میں پاک میڈیا فورم کی جانب سے دیئے گئے الوداعی عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد حسن وزیر، فرسٹ سیکریٹری سردار محمد خٹک، ایرو نیول اتاشی گروپ کیپٹن ارشد مختار، کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشیز عبدالشکور شیخ او رمحمود لطیف کے علاوہ فورم کے ارکان بھی موجود تھے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے منظور الحق نے کہا کہ آجکل خبر کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا رجحان ہے تاہم پاک میڈیا فورم پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اعتدال کو ملحوظ خاطر رکھتا ہے۔ مملکت میں مقیم اپنے ہموطنوں کا ذکر کرتے ہوئے منظور الحق نے کہا کہ یہ تارکین صرف مملکت میں قیام پذیر ہیں اور انکے خاندان پاکستان میں ہیں اس لئے ان کی ترسیلات زر پاکستان کیلئے ہوتی ہیں اور یہ لوگ ملکی اقتصاد کا بہت بڑا سہارا ہوتے ہیں۔ منظور الحق نے روزنامہ اردونیوز کی تعریف کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ پاکستانیوں کو اپنے وطن سے مربوط رکھتا ہے اور اس میں تقریباً80فیصد خبریں پاکستان کے بارے میں ہوتی ہیں۔ قبل ازیں فورم کے صدر ایچ ایم فیاض نے اپنے خطاب میں سابق سفیر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انکی آمد نے ریاض کی پاکستانی کمیونٹی کو ثقافتی اور ادبی طور پر بہت متحرک کردیا تھا۔ اسکے علاوہ انہوں نے تقریبات میں پابندی وقت کا چلن سکھایا ۔ تقریب کی نظامت کرتے ہوئے مبشر انوار نے منظور الحق کی ہنس مکھ اور ملنسا ر شخصیت کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ریاض کی محفلوں کی جان ہیں۔ حافظ محمد عرفان کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ عابدشمعون چاند نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔ تقریب کے آخر میں فورم اور مبشر انوار کی طرف سے مہمان خصوصی کو یادگاری تحفے پیش کئے گئے۔
 

شیئر: