Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹ کے زیادہ کرایوں سے داخلی سیاحت بدنام ہوگئی، شوریٰ

ریاض..... ارکان شوریٰ نے واضح کیا ہے کہ ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹ کے کرائے مہنگے ہونے کی وجہ سے داخلی سیاحت بدنام ہورہی ہے۔محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کو سستی معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانی چاہئے۔حج موسم اور عمرہ موسم میں کرائے مقررہ حد سے تجاوز کر جاتے ہیں اسکا نوٹس لیا جائے۔ یہ مطالبات بدھ کو ایوان میں محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کی سالانہ رپورٹ پر بحث کے دوران کئے گئے۔اجلاس کی صدارت نائب صدر ڈاکٹر محمد الجفری نے کی۔ معاون صدر ڈاکٹر یحییٰ الصمعان نے اجلاس کے بعد بتایا کہ شوریٰ کی ثقافتی، ابلاغی ، سیاحتی و آثار قدیمہ کی کمیٹی نے رپورٹ میں مطالبہ کیا کہ جدید قومی سیاحت کے فروغ کی حکمت عملی منظور کی جائے۔ بوڑھوں اور معذوروں کو سیاحت کے شعبے میں سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ایک رکن شوریٰ نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر مطلوبہ خدمات ناپید ہیں۔ محکمہ سیاحت سرکاری اداروں اور سرمایہ کاروں کے تعاون سے اس پر توجہ دے۔ ایک اور رکن شوریٰ نے کہا کہ ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹ کے کرائے عام دنوں میں زیادہ ہی ہوتے ہیں تاہم موسموں کے دوران بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیںاسکا نوٹس لیا جائے۔ ایک رکن شوریٰ نے کہا کہ مملکت میں سیاحت کی ترغیبات کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ ایک رکن نے تجویز کیا کہ محکمہ سیاحت ، محکمہ تفریحات کے ساتھ تال میل پیدا کرکے تفریحی پروگرام منظم کرے۔ایک رکن نے کہا کہ معیاری خدمات اور سستے پیکج جاری کرکے مثالی سیاحتی ماحول مہیا کیا جائے۔

شیئر: