Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اکشے کمار بھوت بنیں گے کیا؟‘ فینز فلم خاکی کے سیکوئل پر ناخوش

2004 میں بننے والی فلم خاکی میں اکشے کمار، اجے دیوگن اور ایشوریا کے کردار مر گئے تھے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
19 برس قبل بننے والی میگاسٹار فلم ’خاکی‘ کے سیکوئل کی تیاریاں جاری ہیں تاہم اس پر فینز خوش دکھائی نہیں دے رہے۔
2004 میں ریلیز ہونے والی فلم میں امیتابھ بچن کے علاوہ اکشے کمار، اجے دیوگن اور ایشوریا رائے نے کام کیا تھا۔
اس کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ فلم کے دوسرے حصے پر کام اگلے سال سے شروع کر دیا جائے گا۔
شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق فلم کے معاون فلم ساز اریمان رمسے نے تصدیق کی ہے کہ فلم کا سیکوئل بنایا جائے گا جس میں اداکار تشار کپور بھی کام کریں گے۔
اریمان رمسے مرحوم کیشو رمسے کے بیٹے ہیں جنہوں نے خاکی فلم بنائی تھی۔
اریمان کا کہنا تھا کہ ’ہم خاکی کے سیکوئل پر کام کر رہے ہیں۔ سکرپٹ لکھا جا رہا ہے اور اس کا مرکزی خیال ہمارے ذہن میں موجود ہے۔‘
ان کے مطابق ’ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال سے شوٹنگ شروع کر دی جائے اور فلم کی 20ویں سالگرہ پر سیکوئل کو ریلیز کر دیا جائے، جو آج بھی فلم بینوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا اکشے کمار کے ساتھ گہرا تعلق ہے مگر بدقسمتی سے پچھلی فلم میں ان کے کردار کی موت ہو جاتی ہے جبکہ اجے دیوگن اور ایشوریا رائے کے بھی ڈیتھ سینز ہیں۔‘
تاہم انہوں نے یہ امید ضرور دلائی کہ وہ سیکوئل کے حوالے سے امیتابھ بچن سے بات کریں گے۔
مجھے خوشی ہو گی کہ تشار کپور ان کے ساتھ اپنے کردار کو آگے بڑھائیں جبکہ فلم کے دیگر کاسٹ کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔

فلم کے سیکوئل میں تشار کپور کا کردار برقرار رہے گا (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

فلم کی ڈائریکشن کے حوالے سے راجکمار سنتوش جی سے بات ہو چکی ہے۔
اس حوالے سے کچھ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جب بھی کسی فلم کا سیکوئل بنتا ہے تو وہ اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ اس کو ماضی میں بہت پسند کیا گیا لیکن ’خاکی‘ کے سیکوئل کی خبر پر خوش ہونے کے بجائے فلم بین طنز پر اتر آئے ہیں۔
ایک فین نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’اکشے اور اجے دیوگن تو مر گئے تھے، تو ہیرو تشار ہو گا کیا۔‘
 اسی طرح ایک اور سوشل میڈیا صارف نے اس کے نیچے طنزیہ طور پر لکھا کہ ’کیا وہ اکشے کمار، اجے دیوگن اور ایشوریا رائے کو زومبیز یا ویمپائرز بنا کر اٹھانے والے ہیں۔‘
اسی طرح ایک اور تبصرہ ان الفاظ میں سامنے آیا کہ ’اکشے کمار تو مر گئے تھے، اب بھوت بنیں گے کیا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اوسط درجے کی فلم کا سیکوئل بنانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘

شیئر: