Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ انڈیا میں طلاقوں کا سبب کیوں بنی؟

کبھی الوداع نہ کہنا معروف ہدایتکار کرن جوہر کی بنائی ہوئی فلم تھی جسے 2006 میں ریلیز کیا گیا تھا (فوٹو: بالی وُڈ ہنگامہ)
بالی وُڈ اداکارہ رانی مکھرجی کا کہنا ہے کہ اُن کی مشہور فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ نے بہت سے لوگوں کی آنکھیں کھول دی تھیں اور فلم کی ریلیز کے بعد بہت سی طلاقیں بھی ہوئی تھیں۔
شوبز ویب سائٹ ’پِنک وِلا‘ کے مطابق رانی مکھرجی نے حالیہ دنوں میں گوا شہر میں منعقد کیے گئے 54ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کی ریلیز کے بعد معاشرے پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال سے کبھی الوداع نہ کہنا کی ریلیز کے بعد جو ہوا تھا اس میں سب سے اہم یہ تھا کہ اس فلم کے بعد بہت سی طلاقیں ہوئی تھیں۔‘
انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ فلم دیکھنے کے بعد ناظرین نے اس کی کہانی کو بہت برا سمجھا جبکہ کئی لوگوں کی اس فلم کے سبب آنکھیں کُھل گئیں جس کے بعد انہوں نے زندگی میں وہ فیصلے لیے جس سے انہیں خوشی ملی۔
اس فلم میں رانی مکھرجی نے مایا کا کردار ادا کیا جس کی شادی فلم میں رِشی (ابھیشیک بچن) سے ہوتی ہے۔
اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مایا کے بارے میں سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ اُس نے رِشی سے مختلف طریقوں اور بطور دوست محبت کی۔ انہیں شاہ رخ خان کے کردار (دیو) سے وہ رومانس ملا جسے اُس کی تلاش تھی۔‘
کبھی الوداع نہ کہنا معروف ہدایتکار کرن جوہر کی بنائی ہوئی فلم تھی جسے 2006 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں شاہ رخ خان، رانی مکھرجی، پریتی زنٹا، ابھیشیک بچن اور امیتابھ بچن شامل تھے۔
اس فلم کی کہانی دو ایسے جوڑوں کے گرد گھومتی ہے جو ازدواجی زندگی میں خوش نہ رہنے کے باعث ایک دوسرے سے شادی کر لیتے ہیں۔
اس فلم کے بارے میں رانی مکھرجی نے مزید کہا کہ ’انڈین سنیما کی تاریخ میں یہ فلم ہمیشہ جدید دور کی فلم سمجھی جائے گی۔‘

شیئر: