Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2023: بالی وڈ کی وہ پانچ ناکام فلمیں جو اپنے اخراجات بھی پورے نہ کر سکیں

کنگنا رناوت کی فلم ’تیجس‘ نے انڈیا میں صرف چھ کروڑ دو لاکھ روپے کا بزنس کیا (فائل فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
جہاں 2023 میں بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلموں نے کئی ریکاڈز بنائے اور ناظرین کو نئے ٹرینڈز دیے وہیں کچھ فلمیں باکس آفس پر بری طرح ناکام رہیں۔
تو جانتے ہیں مشہور اداکاروں کی ان فلموں کے بارے میں جو باکس آفس پر اپنا جادُو چلانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق 2023 میں فلاپ ہونے والی فلموں میں کنگنا رناوت، ٹائیگر شروف اور کارتک آریان کی فلمیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وویک اگنی ہوتری کی فلم کشمیر فائلز کورونا کی وبا کے بعد 250 کروڑ روپے عبور کرنے والی پہلی ہندی فلم تھی۔
تیجس
اس فلم میں کنگنا رناوت نے پائلٹ کا کردار ادا کیا اور اس کی کارکردگی وہ نہیں رہی جو توقع کی جا رہی تھی۔
فلموں کی بزنس کارکردگی کے اعدادوشمار کی ویب سائٹ سیسنیک کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم ’تیجس‘ نے انڈیا میں صرف چھ کروڑ دو لاکھ روپے کا بزنس کیا۔
سرویش میوارا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ایک خطرناک مشن پر جانے والی ایئرفورس پائلٹ کی زندگی پر فلمائی گئی ہے۔
فلم کے دیگر کرداروں میں انشُل چوہان، ورن مترا، اشیش ودیارتھی، موہن اگشی شامل ہیں۔
گنپتھ
ٹائیگر شروف اور کریتی سینن کی ایکشن فلم گنپتھ ’دوسہرا تہوار‘ کی چھٹیوں کے دوران ریلیز ہونے کے باوجود اچھی کارکردگی نہ کر سکی۔
فیوچرسٹک فلم جس میں امیتابھ بچن بھی ایک اہم کردار میں نظر آتے ہیں انڈیا میں صرف 13 کروڑ روپے کا بزنس کر سکی۔ وکاس بہل فلم گنپتھ کے مصنف اور ہدایت کار ہیں۔

دی ویکسین وار
ویویک اگنی ہوتری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دی ویکسین وار‘ انڈیا میں ناکام رہی جس نے ڈومیسٹک باکس آفس پر صرف 10 کروڑ 33 لاکھ روپے کا کاروبار کیا۔

ٹائیگر شروف اور کریتی سینن کی ایکشن فلم گنپتھ انڈیا میں صرف 13 کروڑ روپے کما سکی (فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

پلوی جوشی اور آئی ایم بدھا کی فلم ’دی ویکسین وار‘ رواں برس 28 ستمبر کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم میں نانا پاٹیکر، پلوی جوشی، انوپم کھیر اور رائما سین نے کردار ادا کیا۔
چندر مُکھی 2
فلم چندر مُکھی 2 میں کنگنا رناوت اور راگو لارنس نے مرکزی کردار نبھایا۔ 28 ستمبر کو تمام زبانوں میں ریلیز ہونے والی فلم صرف 39 کروڑ 21 لاکھ روپے کا بزنس کر سکی۔
چندر مُکھی 2 بلاک بسٹر تامل فلم چندر مُکھی کا سیکوئل ہے جس میں رجنی کانتھ اور جیوتھیکا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
سیلفی
فلم ’سیلفی‘ سنہ 2009 میں بننے والی ملیالم مووی فلم ڈرائیونگ لائسنس کا ری میک ہے جس میں اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیا۔ ’فلم سیلفی‘ دہائی کے دوران سب سے کم بزنس کرنے والی فلم ہے۔
’سیلفی‘ فلم کے ہدایت کار راج مہتا ہیں جسے پرتھوی راج پروڈکش نے پروڈیوس کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 100 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی فلم رواں برس فروری میں ریلیز ہوئی اور اس نے صرف 17 کروڑ تین لاکھ روپے کا کاروبار کیا۔

شیئر: