Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کی کامیابی ’خطرناک‘ ہے: جاوید اختر

جاوید اختر نے کہا کہ ’لوگ اس بات پر حیران ہوتے ہیں کہ آج کل گانے اتنے متنازع کیوں ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے نامور لکھاری اور شاعر جاوید اختر نے رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کی کامیابی کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جاوید اختر نے اجنتا ایلورا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے دور حاضر کی فلموں اور گانوں پر بات کی اور عوام کو اُن کی کامیابی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ 
جاوید اختر نے رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کا نام لیے بغیر اُس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی ایسی فلم ہے جس میں ایک مرد خاتون کو اپنا جوتا چاٹنے کا کہتا ہے یا ایک مرد کسی خاتون کو تھپڑ مارنے کو درست سمجھتا ہے اور وہ فلم سپرہٹ ہو جاتی ہے تو یہ بہت خطرناک بات ہے۔‘
اس کے علاوہ لیجنڈری لکھاری نے 90 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کھل نائیک‘ کے گانے ’چولی کی پیچھے‘ کے متنازع ہونے کے باوجود سپرہٹ ہونے پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’لوگ اس بات پر حیران ہوتے ہیں کہ آج کل گانے اتنے متنازع کیوں ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’چولی کے پیچھے کی مثال لیں، مسئلہ یہ نہیں ہے کہ اس گانے میں دو خواتین اور سات مرد تھے، یہ تو مسئلہ ہے ہی نہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ عوام نے اُس گانے کو ایک بڑا ہٹ گانا بنا دیا۔ کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اسے پسند کیا۔ یہ خطرناک بات ہے۔‘
 

خیال رہے رنبیر کپور کی فلم اینیمل یکم دسمبر 2023 کو ریلیز کی گئی تھی (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

جاوید اختر نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’فلم میکر سے زیادہ، یہ ذمہ داری آج کی عوام پر عائد ہوتی ہے۔ آپ جو فلمیں دیکھتے ہیں، اُن کی ذمہ داری بھی لیتے ہیں۔ یہ اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کہ کیسی فلمیں بننے چاہیں۔‘
خیال رہے رنبیر کپور کی فلم اینیمل یکم دسمبر 2023 کو ریلیز کی گئی تھی جس نے باکس آفس پر کھڑکی توڑ کاروبار کیا۔
ایکشن اور تھرل سے بھرپور اس فلم نے اب تک انڈیا میں مجموعی طور پر 550 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کر لیا ہے۔
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں رنبیر کپور، انیل کپور، بوبی دیول، رشمیکا مندنا اور ترپتی ڈمری شامل ہیں۔

شیئر: