Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پونم پانڈے کی موت کی جھوٹی خبر پر ڈیجیٹل ایجنسی کی ایک مرتبہ پھر معافی

اداکارہ نے اپنی موت کی جھوٹی خبر سرویکل کینسر سے آگاہی کے متعلق پھیلائی تھی (فائل فوٹو)
انڈیا کی اداکارہ اور ماڈل پونم پانڈے کی موت کی جھوٹی خبر پھیلانے پر ایجنسی نے ایک مرتبہ پھر سے معافی مانگ لی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پونم پانڈے کی موت کی جھوٹی خبر پھیلانے والی ڈیجیٹل کمپنی ’شیبینگ‘ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر نیا معافی نامہ جاری کیا ہے۔
اس سے قبل ایجنسی نے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ’جی ہاں، پونم پانڈے کی جانب سے سرویکل کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے مقصد کے پیچھے ہمارا ہاتھ بھی تھا۔ ہم نے ہوٹر فلائی کے ساتھ مل کر یہ کام کیا۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’ہم سب سے پہلے دل کی گہرائیوں سے ان لوگوں سے معافی مانگنا چاہتے ہیں جنہوں نے کسی بھی قسم کے کینسر میں اپنے پیاروں کی تکالیف دیکھی ہیں۔‘
ڈیجیٹل ایجنسی نے مزید یہ بھی کہا کہ پونم پانڈے کی جانب سے ایسا کرنے پر سرویکل کینسر اور اس سے متعلق دیگر معلومات کو گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں دوبارہ معافی مانگتے ہوئے ایجنسی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ مستقبل میں ایسی کوئی حرکت دوبارہ نہیں کی جائے گی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Schbang (@schbang)

خیال رہے کہ پونم پانڈے نے رواں ماہ سوشل میڈیا پر موت کی جھوٹی خبر جاری کی تھی تاہم اس خبر کے ایک دن بعد انہوں نے ویڈیو پیغام جاری کیا تھا کہ وہ زندہ ہیں۔
اداکارہ نے اپنی موت کی جھوٹی خبر سرویکل کینسر سے آگاہی کے متعلق پھیلائی تھی تاہم اس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور صارفین کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
صرف یہ ہی نہیں، 15 فروری کو اداکارہ اور اُن کے سابق شوہر سیم بومبے کے خلاف ممبئی کی عدالت میں فیضان انصاری نامی شہری کی جانب سے 100 کروڑ انڈین روپے کے ہرجانے کا مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا۔

شیئر: