Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی، گلوکارہ ریحانہ سمیت 1200 مہمان مدعو

شادی کی یہ تقریب جام نگر میں ہوگی جس کی آبادی چھ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ فائل فوٹو: انڈیا میڈیا
انڈیا کے ارب پتی صنعت کار مکیش امبانی اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں غیرمعمولی دلچسپی لے رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ تین روزہ تقریبات میں ایک ایسی پارٹی کا منظر ہوگا جس میں دنیا بھر سے مالدار ترین افراد، ریاستی حکام، ہالی وڈ، بالی وڈ کے ستارے اور معروف شخصیات شریک ہوں گی۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ شمالی انڈیا کے ایک چھوٹے سے شہر میں بہت بڑا جشن ہوگا جو اس علاقے نے اس سے پہلے شاید یئ کبھی دیکھا ہو۔
شادی سے قبل تین روزہ تقریبات جمعے سے امبانی خاندان کے آبائی علاقے میں شروع ہو رہی ہیں۔
مہمانوں کی فہرست لگ بھگ ایک ہزار 200 افراد پر مشتمل ہے جن میں بل گیٹس، مارگ زکربرگ، سندر پچائی، اور اوانکا ٹرمپ، انڈین ارب پتی گوتم اڈانی اور کمار منگالم برلا کے نام شامل ہیں۔ 
مہمانوں کی فہرست میں قطر کے وزیراعظم محمد بن جاسم الثانی اور کینیڈا کے سابق وزیراعظم سٹیفن ہارپر کے نام بھی شامل ہیں جبکہ انڈیا کے پڑوسی ملک بھوٹان کے بادشاہ اور ملکہ کو بھی ان تقریبات میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
دیگر سرکردہ شخصیات میں دیپکا پاڈوکون، شاہ رخ خان، رانی مکھرجی، سلمان خان، سچن تندولکر، اریجیت سنگھ اور دلجیت دوسانجھ مہمانوں کی فہرست میں ہیں۔
تقریب کے مہمانوں کے سامنے عالمی شہرت یافتہ پاپ سٹار ریحانہ، میجیشن ڈیوڈ بلینے اور مشہور بالی وڈ گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
شادی کی یہ تقریب جام نگر میں ہوگی جس کی آبادی چھ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔
یہ شہر گجرات ریاست کے صحرائی علاقے کے قریب آباد ہے۔ یہ امبانی خاندان کا آبائی علاقہ ہے جہاں موجود آئل ریفائنری اس خاندان کے ’ریلائنس انڈسٹریز‘ کے بڑے کاروباروں میں سے ایک ہے۔
علاقے کے مندر میں شادی کی روایتی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔
بدھ کو امبانی خاندان نے قریبی دیہات میں آباد 51 ہزار افراد کے لیے کھانے کی دعوت کا انتظام کیا۔
اٹھائیس برس کے اننت امبانی کی شادی جولائی میں گرل فرینڈ رادھیکا مرچنٹ سے طے ہے۔  رادھیکا انکور ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او ویرن مرچنٹ کی صاحبزادی ہیں۔
شادی سے قبل ان تقریبات میں شرکت کرنے والی شخصیات اننت امبانی کے جانوروں کے لیے قائم کردہ ریسکیو سینٹر کا بھی دورہ کریں گے جس کو ’ونتارا‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
تین ہزار ایکڑ رقبے پر مشتمل جنگل کے اس ریسکیو سینٹر میں زخمی جانوروں خاص طور پر ہاتھیوں کو رکھا جاتا ہے۔
تقریب کے لیے دعوت نامے پر لکھا ہے کہ روز مہمانوں کے لیے مختلف ڈریس کوڈ ہوگا اور میک آرٹسٹ و ہیئر سٹائلسٹ اُن کو ہوٹل میں ہی تیار کریں گے۔

شیئر: