Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرہ احمر میں کارروائی، حوثیوں اور امریکی فوج کے متضاد دعوے

’بحیرہ احمر میں دو امریکی جہازوں کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
یمن میں حوثی ملیشیا نے کہاہے کہ اس نے دو کارروائیوں کے نتیجے میں بحیرہ احمر میں دو امریکی جہازوں کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حوثی ملیشیا نے کہا ہے کہ ’پہلی کارروائی میں امریکی بحری جہاز پروپیل فارچیون کومیزائل سے جبکہ دوسری کارروائی میں امریکی جنگی جہاز کو ڈرون سے نشانہ بنایا ہے‘۔
حوثیوں کا دعوی ہے کہ اس نے دونوں امریکی بحری جہازوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔
جبکہ دوسری طرف امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر کہا ہے کہ ’صنعا کے مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3 بجکر 55 منٹ پر حوثیوں نے یمن سے خلیج عدن میں M/V Propel Fortune نامی بحری جہاز پر دو اینٹی شپ بیلسٹک میزائل داغے۔
 اس جہاز پر سنگاپور کا جھنڈا لہرا رہا تھا اور یہ جہاز سنگاپور کی ایک کمپنی کی ملکیت ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ’حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی‘۔
دوسری طرف امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ’بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہازوں نے حوثیوں کے 15 ڈرون کو مار گرایا ہے‘۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ ’یہ کارروائی آج ہفتے کو علی الصباح ہوئی ہے‘۔
’حوثیوں کے گرائے جانے والے ڈرون بحیرہ احمر میں گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے خطرے کا باعث بنے ہوئے تھے‘۔
دریں اثنا امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں دو ٹرکوں پر نصب دو اینٹی شپ میزائلوں کے خلاف اپنے دفاع میں حملہ کر کے انہیں تباہ کردیا۔
’یہ اقدامات جہاز رانی کے تحفظ اور امریکی بحریہ اور تجارتی جہازوں کے لیے بین الاقوامی پانی کو محفوظ بنانے کے لیے کئے جا رہے ہیں‘۔
 

شیئر: