Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امدادی ٹرک کے منتظر چھ فلسطینی اسرائیلی فائرنگ سے ہلاک: وزارت صحت

اسرائیل نے امدادی ٹرکوں کو گھیرے میں لینے والے ہجوم کو ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے (فوٹو:روئٹرز)
غزہ کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ سے امدادی ٹرکوں کے منتظر چھ فلسطینی  ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ بدھ کی رات گئے کویت گول چکر پر فلسطینی امدادی سامان لینے کے لیے بھاگ رہے تھے کہ اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کر دی۔
اسرائیلی فوج نے فوری طور پر واقعے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
29 فروری کو فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے 100 سے زائد فلسطینیوں کو اُس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا جب وہ غزہ شہر کے قریب امدادی سامان کی ترسیل کا انتظار کر رہے تھے۔
اسرائیل نے امدادی ٹرکوں کو گھیرے میں لینے والے ہجوم کو ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’متاثرین کو روند دیا گیا۔‘
فلسطینی طبی ماہرین نے بتایا کہ جمعرات کو وسطی غزہ کے دیر البلاہ میں اسرائیلی میزائل نے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہوئے۔
رہائشیوں نے بتایا کہ اسرائیل کی فضائی و زمینی بمباری رات بھر انکلیو کے اطراف کے علاقوں بشمول جنوب میں رفح میں جاری رہی، جہاں دس لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے جمعرات کو بتایا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 69 فلسطینی ہلاک اور 110 زخمی ہوئے۔
جنگ اب اپنے چھٹے مہینے میں داخل ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں کم از کم 576,000 افراد قحط کے دہانے پر ہیں اور اسرائیل پر عالمی دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ محصور علاقے تک مزید رسائی کی اجازت دے۔
ایک بحری جہاز امداد لے کر غزہ کے قریب پہنچ رہا ہے۔ غزہ میں خوراک اور انسانی ہمدردی کی سنگین صورت حال کے پیش نظر امریکہ نے امدادی بھیجنے کے لیے ایک نیا بحری راستہ کھولنے کی کوششیں شروع کی تھیں تاکہ زیادہ مقدار میں امداد پہنچانا ممکن ہو سکے۔
اس مقصد کے لیے غزہ کے ساحل پر عارضی بندرگاہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امدادی بحری جہازوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فلسطینی اور اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سمندری ترسیل زمینی گزرگاہوں کے ذریعے امداد بھیجنے کا متبادل نہیں ہے۔
حماس نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کر کے 1،200 افراد کو ہلاک جبکہ253 کو یرغمال بنا لیا تھا۔
غزہ میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں حماس پر فضائی اور زمینی حملہ کیا جس میں 31,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: