Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوربز کی ٹاپ 100 عرب فیملیز بزنسز میں سعودی اور اماراتی کمپنیاں سرفہرست

فہرست میں سعودی عرب کی 34 اور امارات کی 28 کمپنیاں شامل ہیں (فوٹو: سبق)
امریکی میگزین فوربز نے 100 طاقتور ترین عرب فیملیز بزنسز کی فہرست جاری کی ہے جس میں خلیجی ممالک کی فیملیز کمپنیاں نمایاں ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق فہرست میں سعودی عرب کی 34، امارات کی 28 جبکہ قطر اور کویت کی سات سات کمپنیاں شامل ہیں، جو مجموعی فہرست کی 76 فیصد کمپنیز ہیں۔
فہرست کے مطابق عرب دنیا میں فیملیز بزنسز میں سرفہرست سعودی عرب کا عبداللطیف جمیل گروپ، دوسرے نمبر پر امارات کا الفطیم گروپ جبکہ تیسرے نمبر پر مصر کا منصور گروپ ہے جو ٹاپ ٹین کمپنیوں میں شامل واحد کمپنی ہے جو خلیجی فیملی کی ملکیت نہیں ہے۔
امارات سے فہرست میں الفطیم گروپ، ماجد الفطیم ہولڈنگ، الغریر انوسٹمنٹ اور داماک گروپ نمایاں طور پر شامل ہیں۔
علاوہ ازیں فوربز مڈل ایسٹ کے مطابق محمد یوسف اور یاسین منصور برادرز امیر ترین عرب خاندان ہے جن کی مشترکہ دولت فروری 2024 کے تخمینے کے مطابق قریباً پانچ اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر ہے۔
 فوربز کے مطابق عرب دنیا کی فیملیز ملکیت والی کمپنیوں نے ہوٹل اور ریئل اسٹیٹ کے روایتی سیکٹرز کے علاوہ دیگر سیکٹرز میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔
فیملیز بزنسز کامیابی سے نسل در نسل منتقل ہو رہے ہیں۔ فہرست میں شامل چھ ادارے 19 ویں صدی میں قائم ہوئے تھے جبکہ 26 ادارے 1950 سے پہلے قائم ہوئے اور چھ کمپنیز حالیہ صدی کے پہلے 25 برسوں میں قائم ہوئی ہیں جن کی اکثریت سابقہ کمپنیز کی تقسیم، فروخت یا انضمام کی وجہ سے وجود میں آئیں۔
فہرست میں شامل قدیم ترین کمپنی عمان کا ’تاول‘ گروپ ہے جو کہ 1866 میں قائم ہوا تھا۔
واضح رہے فوربز نے 100 عرب طاقتور کمپنیوں کی فہرست میں شامل اداروں کی درجہ بندی سرمایہ کاری کے حجم، کارکردگی، گزشتہ سال کے دوران کاروباری سرگرمی، پراجیکٹس کی مالیت، کمپنی کی تاریخ اور مختلف سیکٹرز اور ریجنز میں پھیلاؤ کی بنیاد پر کی ہے۔

شیئر: