Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پہلا ’گرین انیشیٹو ڈے‘ منایا گیا

 گرین انیشیٹو کے تحت اب تک 49 ملین سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔ فائل فوٹو گرین انیشیٹو
سعودی عرب میں گذشتہ روز بدھ کو پہلا سعودی گرین انیشیٹو ڈے منایا گیا جس میں آئندہ نسلوں کے لیے پائیدار میراث کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یہ دن سرسبز مستقبل کی جانب بڑھنے کے لیے مملکت کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 27 مارچ 2021 کو سعودی گرین انیشیٹو ڈے کا آغاز کیا تھا۔ گرین انیشیٹو مملکت میں ماحولیات کے تحفظ اور شعور کی بیداری کا سالانہ دن ہے۔
’ہمارا آج اور آئندہ نسلوں کا مستقبل‘ کے عنوان سے سرسبز مستقبل کے لیے مملکت کے 80 سے زیادہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے مشترکہ منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی وژن 2030  کے تحت گرین اکانومی میں 705 ارب ریال سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا مقصد مملکت میں زندگی کا معیار بڑھانا اور جدید شعبوں میں معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
سعودی گرین انیشیٹو نے ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کو تیز کرنے، توانائی کے شعبوں کی منتقلی، قدرتی رہائش گاہوں کی بحالی اور گردوغبار کے طوفان کے اثرات کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

رہائشی علاقوں میں شجرکاری مہم کے کئی منصوبوں کا آغاز کیا گیا۔ فوٹو گیٹی امیجز

مملکت میں قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو بڑھاتے ہوئے 2.8 گیگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے جس سے پانچ لاکھ 20 ہزار سے زیادہ گھروں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور اس صلاحیت میں اضافے کے لیے مزید منصوبوں پر کام جاری ہے۔
مملکت میں 27 مارچ 2021 کو گرین انیشیٹو  کے آغاز سے اب تک 49 ملین سے زیادہ درخت اور پودے لگائے گئے ہیں۔
رہائشی علاقوں میں شجرکاری بڑھانے کی کوشش میں وزارت بلدیات و دیہی امور اور ہاؤسنگ نے مختلف علاقوں میں پودے لگانے کے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔

ریاض ائیرپورٹ اور مرسیہ میں 186000 سے زیادہ درخت لگانا کا منصوبہ ہے۔ فوٹو گیٹی امیجز

ریاض ایئرپورٹ کے مغرب اور مرسیہ کے علاقے میں ایک لاکھ 86 ہزار سے زیادہ درخت لگانا، ینبع گورنریٹ کے پرل آف دیار میں تقریباً 94 ہزار درخت اور الاحساء گورنریٹ میں کنگ عبداللہ ہاؤسنگ کمپلیکس میں لگ بھگ 39 ہزار درخت لگانا منصوبے کا حصہ ہے۔
اس سکیم کے تحت مملکت کے علاقوں دارالجوار، بوفاردیا سٹی، دیار الحسا اور دیگر مقامات پر بھی ہزاروں درخت لگائے گئے ہیں۔
شجرکاری مہم ماحولیاتی تحفظ کے وسیع عزم کا حصہ ہے جس کا مقصد 2030 تک سعودی عرب کے 30 فیصد بری و بحری علاقوں کو محفوظ بنانا ہے۔
 

شیئر: