Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حلب کے قریب اسرائیلی حملے میں 36 شامی فوجی ہلاک: وار مانیٹر

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق حملے میں عام شہری بھی نشانہ بنے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شام انسانی حقوق کی نگرانی کے ادارے (ایس او ایچ آر) کے مطابق جمعے کو شام کے حلب (الیپو) کے قریب پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 36 شامی فوجی ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں اے ایف پی اور اے پی کے مطابق سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا ہے کہ اس حملے میں کم از کم ’36 شامی فوجی‘ ہلاک ہو گئے ہیں اور ’لبنانی تنظیم حزب اللہ کے راکٹ ڈپو کے قریب‘ کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
برطانوی ادارے سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر کے پاس شام میں ذرائع کا ایک وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے کہا کہ علی الصبح ہونے والے حملے میں عام شہری اور فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔
شامی فوج کے ایک سورس نے سانا کو بتایا کہ ’پونے دو بجے کے قریب اسرائیلی دشمن نے حلب کے جنوب مشرق میں اثریا سے فضائی حملہ کیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے میں ’شہری اور فوجی اہلکار‘ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
انسانی حقوق کی نگرانی کے ادارے نے کہا کہ حملوں کے دو گھنٹوں بعد بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ان حملوں کے بارے میں اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ اسرائیل اکثر شام میں ایران سے منسلک اہداف پر حملے کرتا ہے لیکن انہیں بہت کم ہی تسلیم کرتا ہے۔

جمعرات کو شام کے سرکاری میڈیا نے دارالحکومت دمشق کے قریب فضائی حملے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں دو شہری زخمی ہوئے۔
حزب اللہ کی شام میں مسلح موجودگی اس وقت سے ہے جب اس نے حکومتی افواج کے ساتھ ملک کی لڑائی میں شمولیت اختیار کی۔
شام کا سب سے بڑا شہر اور کسی وقت اس کا تجارتی مرکز حلب ماضی میں ایسے حملوں کی زد میں رہ چکا ہے جس کی وجہ سے اس کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا تھا۔
غزہ میں جنگ اور لبنان اور اسرائیل سرحد پر حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان جاری جھڑپوں کے پس منظر میں گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ان حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

شیئر: