Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف سے طویل المدتی پروگرام میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ نے کہا کہ ’ہم چاہیں گے کہ معاشی استحکام تسلسل کے ساتھ آگے بڑھے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 14 اور 15 اپریل کو مذاکرات ہوں گے۔
جمعے کو کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’آئی ایم ایف سے بڑے اور طویل المدتی پروگرام میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے جس پر آئی ایم ایف کا ردعمل مثبت تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں جلد آئی ایم ایف سے ملاقات کریں گے اور مائیکرو اکنامک سٹیبلیٹی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں ملاقات کے بعد اسلام آباد میں بھی بات چیت ہو گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’کچھ ہفتے قبل آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول کا معاہدہ کیا ہے جو اس لیے اہم ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہم مائیکرو اکنامک سٹیبلیٹی کو جاری رکھیں۔‘
20 مارچ کو پانچ روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف  اور پاکستان کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا تھا جس کے تحت پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی قسط فراہم کی جائے گی۔
عالمی مالیاتی ادارے کے واشنگٹن آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے اہداف پر بروقت عمل درآمد کیا اور ادارہ جاتی اصلاحات اور ملکی معیشت کومستحکم بنانے کے لیے اقدامات کیے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے ساتھ بہتر حکمت عملی، کثیرالجہتی اور دوطرفہ شراکت داروں سے رقوم کی بحالی سے ترقی اور اعتماد کی بحالی جاری ہے۔

شیئر: