Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد اور اردنی فرمانروا کا رابطہ، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اردن کے فرمانروا نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی سطح پر فخر کا اظہار کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی نے جمعرات کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
عرب نیوز نے اردنی خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے حوالے سے بتایا دونوں رہنماوں نے برادر ممالک اور عوام کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات، مشرق وسطی اور خصوصا غزہ میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ولی عہد اور اردنی فرمانروا نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کا سیاسی حل تلاش کرنے ضرورت پر زور دیا جو چار جون 1967 کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضمانت دیتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
اردن کے فرمانروا نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی سطح پر فخر کا اظہار اور انہیں تمام شعبوں میں مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے اردن کی سلامتی اور استحکام  کے حوالے  اردنی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے لیے مملکت کی حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ سعودی عرب ان حالات میں برادر ملک اردن کے ساتھ کھڑا ہے۔
اردنی فرمانروا نے اردن کی سلامتی اور استحکام کی سپورٹ کے لیے مملکت کے موقف کو سراہا۔

شیئر: