Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشین میں درزی کی دکان میں ڈکیتی، مزاحمت پر ڈاکو گولی مار کر فرار

دو مسلح ڈاکوؤں نے درزی کو ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کر دیا۔ فوٹو: اردو نیوز
بلوچستان کے ضلع پشین میں ڈکیتی کی واردات کے دوران درزی کو قتل کر دیا گیا۔ درزی کو گولی مارتے ہوئے ڈاکو نے اپنے ایک ساتھی کو بھی ہلاک کر دیا- 
پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات گئے پشین کے علاقے کلی لمڑان میں پیش آیا جہاں دو مسلح ڈاکو درزی کی دکان میں داخل ہوئے اور اسے لوٹنے کی کوشش کی- 
پولیس نے بتایا کہ درزی صدام کاکڑ نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے انہیں گولی مار کر زخمی کر دیا-
صدام نے ایک ڈاکو سے پستول چھینا تو دوسرے ڈاکو نے اس سے ہتھیار واپس کھینچ لیا اور فائر کھول دیا- 
پولیس کے مطابق ڈاکو کی فائرنگ کی زد میں آکر اس کا اپنا ہی ساتھی ہلاک ہو گیا جس کی لاش چھوڑ کر وہ فرار ہوگیا- 
زخمی درزی کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مفرور ملزم کی تلاش اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے-
انجمن تاجران پشین کے صدر دولت خان ترین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بدامنی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خاص طور پر عید کے قریب آتی ہی ڈاکو سرگرم ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے تاجر برداری اور عوام میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے-

شیئر: