Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری بڑھائیں گے: سعودی وزیرِ خارجہ

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’پاکستان میں بے شمار معاشی امکانات اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔ ایس آئی ایف سی کا فارمیٹ متاثرکن ہے۔‘
منگل کو اسلام آباد میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈارکے درمیان دفتر خارجہ میں ملاقات کے بعد  مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’آج کا دورہ وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کی حکومت کی پرتپاک میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
انہوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ہمہ جہت تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہماری دونوں ممالک کی ٹیمیں نتیجہ خیز اقدامات کریں گی اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لائیں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ہم اس سلسلے میں نمایاں پیش رفت دیکھیں گے۔ پاکستان میں بے شمار معاشی امکانات اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔‘
’ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم پر سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی سنجیدگی دیکھنے میں آئی۔ ہم باہمی شراکت داری کی بنیاد پر تعاون جاری رکھیں گے۔ سرمایہ کاری کے حوالے سے ہم سے جو ہو سکا کریں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’فی الحال میں کسی شعبے کا ذکر نہیں کروں گا کیونکہ ہمیں جو بریفنگ دی گئی وہ بہت وسیع تھی۔‘
’ایس آئی ایف سی کے فارمیٹ سے متاثر ہوئے ہیں۔ بریفنگ سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع ہیں اور ان میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔ اس لیے ہم اس پر بات چیت جاری رکھیں گے۔‘

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع ہیں‘ (فوٹو: دفتر خارجہ)

اس موقعے پر پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’اس دوران ہماری سعودی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کے ارکان کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔‘
’ہم مملکت سعودی عرب کی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی لینے پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
’پاکستان نے سرمایہ کاری کے عمل کے لیے سہولیات کی فراہمی اور ضروری قانون سازی کا عزم کیا ہے۔ سعودی عرب کی پاکستان میں زراعت، انفراسٹرکچر، آئی ٹی اور معدنی ذخائر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مختلف طریقوں اور پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’یہ دورہ پاکستان کے لیے انتہائی مفید رہا۔ ہم سعودی عرب کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے نتیجے میں اتنا اعلٰی سطح کا وفد پاکستان آیا ہے۔‘
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ’مجھے نہیں یاد کہ میری 35 سالہ سیاسی زندگی میں سعودی عرب سے اتنا بڑا وفد پاکستان آیا ہو۔‘

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ’سعودی عرب پاکستان انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہم ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا قیام عمل میں لائے جہاں سرمایہ کاروں کے لیے وَن ونڈو آپریشن ہو گا۔‘
پاکستان سعودی انویسٹمنٹ کانفرنس
پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل منگل ہی کو سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ’سعودی عرب پاکستان انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت کی۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس کانفرنس کے دوران خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے حکام نے مہمان وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق تفصیلی بریفنگز دیں۔
بیان کے مطابق ’سعودی وفد نے اس موقعے پر پاکستان میں سرمایہ کاری کی صورتحال کو بہتر بنانے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔‘
’پاکستانی حکام نے سعودی عرب کی اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے لیے تیز ترین سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔‘

شیئر: