Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب اسمبلی کی چھت سے چھلانگ لگا کر ملازم کی ’خودکشی‘ کی کوشش

خود کشی کرنے والے محمد یوسف 20 سال سے اسمبلی کے ملازم ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی کی چھت سے جمعرات کی صبح ایک ملازم محمد یوسف نے مبینہ طور پر چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش کی ہے۔
اسمبلی انتظامیہ کے مطابق حاجی محمد یوسف پرانے ملازم ہیں اور وہ صبح جب دفتر آئے تو اس کے تھوڑی دیر بعد وہ اسمبلی کی پرانی بلڈنگ کی چھت پر چلے گئے جہاں سے انہوں نے چھلانگ لگا دی۔ 
عینی شاہدین کے مطابق محمد یوسف اس وقت اپنے فون پر بات کر رہے تھے اور اسی دوران سیڑھیاں چڑھتے ہوئے چھت پر گئے جہاں سے انہوں نے پھر چھلانگ لگا دی۔
ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسمبلی کی عمارت کے سامنے ایک شخص خون میں لت پت پڑا ہے جبکہ اسمبلی میں موجود ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے انہیں شدید زخمی حالت میں وہاں سے اٹھایا اور ہسپتال منتقل کر دیا۔ 
ترجمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ واقع صبح ساڑھے آٹھ بجے کا ہے جبکہ اسمبلی کے دفاتر نو بجے کھلتے ہیں۔ ابھی ہم کچھ نہیں کہہ سکتے کہ یہ خود کشی کی کوشش تھی یا وہ گرے ہیں۔ اس وقت ان کا علاج سروسز ہسپتال میں جاری ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے۔‘ 
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ’ابھی پولیس اس سارے معاملے کی تحقیق کر رہی ہے جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر بھی اس واقعے کی انکوائری کی جا رہی ہے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں تاہم وہ خود کیا بیان دیتے ہیں اس سے صورت حال واضح ہوگی۔‘
خیال رہے کہ محمد یوسف کی عمر پچپن برس ہے اور ان کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ وہ دو دہائیوں سے اسمبلی کے ملازم ہیں اور اسمبلی اسسٹنٹ کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

شیئر: