نئی دہلی۔۔۔۔۔امریکی اخبار ’’دی وال اسٹریٹ جنرل‘‘نے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کو ہند کی سب سے زیادہ پسندیدہ سیاستداں قراردیا۔یہ آرٹیکل اسٹیفرڈ یونیورسٹی کے اوور انسٹی ٹیوشن کے فیلو نے تحریر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ جہ خاص طور پر بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں پر انتہائی توجہ دینے کی بدولت ہند کی سب سے زیادہ پسندیدہ وزیر خارجہ بن چکی ہیں۔اپنی وزارت میں رہتے ہوئے 65سالہ سوراج ہندوستانیوں کے مسائل حل کرنے میں ہر ممکن مدد کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ کام اس وقت خود سنبھالا جب ان پر یہ واضح ہوگیا کہ وزیر اعظم مودی خارجہ اور سیکیورٹی پالیسی پر اپنا کنٹرول رکھنا چاہتے ہیں۔ ٹویٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد8.69ملین ہے اور یوں وہ ٹویٹر پر ٹاپ 10میں شامل ہوگئی ہیں۔وہ زیادہ تر مدد کے طالب لوگوں کو ٹویٹر پر جواب دیتی ہیں۔اگرچہ پاک و ہند میں سیاسی کشیدگی جاری ہے اس کے باوجود پاکستانی شہری بھی انہیں ٹویٹ کرتے ہیں۔یہ شہری طبی امداد کیلئے ہندوستانی اسپتال آنا چاہتے ہیں۔حال ہی میں پاکستان کے ایک بچے روہان صدیقی کا ہندمیں جان بچانے کیلئے آپریشن کیا گیا جس پر اس کے والد نے کہا کہ آج میرے بچے کا دل صرف سشما سوراج کی وجہ سے دھڑک رہا ہے۔ سشما نے جواب دیا کہ’’ روہان ہمیشہ مسکراتے رہو‘‘۔