بلغراد: 12 مرتبہ کے گرینڈ سلیم ٹینس چیمپیئن نوواک ڈوکووچ نے کہنی زخمی ہونے کی وجہ سے یو ایس اوپن سمیت 2017ءکے بقیہ سیزن سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ومبلڈن اوپن کے کوارٹر فائنل سے زخمی ہونے کے سبب دستبردار ہونے والے سربیا کے اسٹار کھلاڑی اب آئندہ 6 ماہ تک ٹینس کورٹ میں نظر نہیں آئیں گے اور سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں بھی کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے۔سابق عالمی نمبر ون اسٹار نے بلغراد سے کہا کہ ڈیڑھ سال تک انجری سے دوچار رہنے کے بعد میں نے 2017ءکے اختتام تک مزید کسی اور ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے اور آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مجھے یہ فیصلہ اس موقع پر کرنا پرا اور ومبلڈن اوپن میرے لیے انتہائی مشکل ٹورنامنٹ رہا کیونکہ میرے درد کی شدت ہر لمحہ بڑھتی جا رہی تھی۔جنوری 2015ءسے جون 2016ءکے دوران ڈوکووچ کیریئر کی شاندار فارم میں نظر آئے جہاں انہوں نے 24 ٹورنامنٹس میں شرکت کرتے ہوئے 22 کے فائنل میںکھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اور ان میں 17 ایونٹ جیتے لیکن گزشتہ سال فرنچ اوپن جیتنے کے بعد سے ان کی کاکرردگی بتدریج کراب ہوتی چلی گئی اور اس کے بعد سے وہ کوئی بھی بڑا ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور عالمی نمبر ون کا اعزاز بھی کھو بیٹھے۔وہ سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین کے دوسرے راونڈ میں ہی باہر ہو گئے جبکہ فرنچ اوپن اور ومبلڈن میں ان کا سفر کوارٹر فائنل تک محدود رہا۔