جدہ۔۔۔۔۔فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ کا سفر 1400برس سے امت مسلمہ کیلئے روحانی جوش و خروش کا نمائندہ رہا ہے۔ حجاج کرام مقدس شہر آنے کیلئے دنیا بھر کے مسائل، دشواریاں اور زحمتیں جھیل کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ بوسنیا کے حاجی’’سناد ہادذ یتش 2ماہ کے دوران 6ہزار کلو میٹر کا پید ل سفر کرکے مکہ مکرمہ پہنچا۔ بوسنیا ئی حاجی نے بتایا کہ سعودی عرب آنے کیلئے اس نے 6ممالک کی سرحدیں عبور کیں۔ اس کے پاس فریضہ حج کے اخرجات کیلئے رقم نہیں تھی راستے میں اہل خیر کی ضیافت پر انحصار کیا۔ پاکستان سے کثیر زادہ کثرت نے 117دن میں 3687کلو میٹر کا سفر پیدل طے کیا وہ ایران، عراق اور اردن ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچا۔ الجزائر نژاد اسپینی حاجی اسحاق محمد نے پیرس سے مکہ مکرمہ تک کا سفر 5ماہ میں8ہزار کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا ۔16ممالک سے گزرا ۔ چینی حاجی محمد باؤچنگ نے 4ماہ میں 7800کلومیٹر سے زیادہ کا سفر سائیکل پر طے کیا۔