جدہ ( ارسلان ہاشمی ) عرب ، یورپین انوائرمنٹ آرگنائزیشن کے نئے منتخب سربراہ انجئینر ابراہیم عبدالغفار جمجوم نے کہا ہے کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ ماحولیاتی آلودگی سے بچنے اور ماحول کو بہتر کرنے کیلئے انکی تنظیم بڑے پیمانے پر سیمینارکرے گی ۔ وہ ایمبیسڈر ابراہیم عبداللہ السبیعی کی رہائش پر سربراہی کی تبدیلی کی تقریب کے بعد اردونیوز سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ عرب ، یورپین ماحولیاتی تنظیم کا صدر دفتر سوئٹزرلینڈ میں واقع ہے جس کے سابق سربراہ ڈاکٹر صالح المزینی کا تعلق کویت سے ہے۔ تنظیم کے سابق سربراہ نے تقریب میںمختصر خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا عرب ، یورپین انوائرمنٹ آرگنائزیشن کو قائم ہو ئے 10 برس ہو چکے ہیں اس دوران ہم نے مختلف ممالک میں متعدد سیمینارمنعقد کئے تاکہ معاشرے کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کی جاسکے ۔ تقریب میں سابق سربراہ ڈاکٹر المزینی نے نئے منتخب ہونے والے سربراہ انجیئینر عبدالغفار جمجوم کو تنظیم کا جھنڈا حوالے کیا اس موقع پر تنظیم کے دیگر عہدیدار جن میں جنرل ( ر) ڈاکٹر محمد مصطفی الجھنی ، تنظیم کے قانونی مشیر معروف قانون دان ماز ن عبدالوھاب کردی ، فرید سندی ، سعود مصطفی الجھنی ، ڈاکٹر سید الخولی ، ڈاکٹر فہد ترکستانی اور دیگر افراد بھی موجود تھے ۔ انجینئر عبدالغفار جمجوم نے مزید کہا کہ دسمبر 2017 میں قاہر ہ میں 2 روزہ عرب ماحولیاتی سیاحتی کانفرنس منعقد کی جائیگی جس میں ماحولیات کو بہتر بنانے کی غرض سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور سیاحت کے فروغ کیلئے مقالے پیش کئے جائیں گے ۔ کانفرنس 19 سے 21 دسمبر تک جاری رہے گی جس میں رکن ممالک کے عہدیدار شرکت کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت میں انکی تنظیم مزید فعال کردارادا کرنے کیلئے مقامی اداروں کے تعاون سے مزید مستحکم کرے گی تاکہ بہتر طور پر خدمت کی جاسکے ۔ عرب ممالک کے سیاحت کے فروغ کیلئے جامع انداز میں کام کیا جائے گا ۔ اس خطے میں سیاحت کے بے شمار مقامات ہیں جنہیں منظر عام پر لانے کیلئے بہتر طور پر کام کیا جائے گا ۔ ہمارا بنیادی مقصد عرب ممالک میں سیاحت کو مزید فروغ دینا ہے ۔ ماحول کو بہتر بنانے کے سوال پر جمجوم نے کہا کہ انکی تنظیم اس جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ درخت ماحول کو بہتر بنانے کا اہم ذریعہ ہیں ۔ جنرل ( ر) الجھنی نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرگنائزیشن کے قیام کا بنیادی مقصد ماحولیات کی حفاظت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو یورپ سے عرب منتقل کرنا ہے جس کیلئے ہم گزشتہ 10 برس سے کام کررہے ہیں ۔تنظیم کی جانب سے ابوظبی میں عنقریب تحفظ ماحولیات کا بینک بھی قائم کیاجائیگا جو ا ن ممالک سے تعاون کرے گا جو اپنے ملک میں ماحولیات کو بہتربنانے کے لئے کام کرنے کے خواہشمند ہوں ۔جنرل الجھنی نے مزید کہا کہ تنظیم میں ہر 4 برس بعد انتخابات ہوتے ہیں ایک سربراہ کا انتخاب 2 بار کیا جاسکتا ہے ۔