کابل:افغانستان کے کرکٹ بورڈ حکام نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے معافی مانگنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں اور قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر دوطرفہ تعلقات قائم کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی جانب سے گزشتہ دنوں کئے گئے مطالبے پر ردعمل میں افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔ چیئرمین شکراللہ عاطف مشعال نے کہا کہ افغانستان کا کرکٹ بورڈ ، دنیا کے تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک اور انتظامیہ کے ساتھ باہمی احترام اور قومی مفادات کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ پی سی بی کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ ہے ، اپنے تمام فیصلے قومی مفاد میں کرتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اے سی بی کے چیئرمین نے کابل بم دھماکے کے بعد پاکستان سے کرکٹ روابط کی معطلی اور اس بارے میں دیئے جانے والے اپنے بیان پر شرمندگی ظاہر کی ہے لیکن کرکٹ روابط بحال کرنے کے لیے اے سی بی کے چیئرمین کی جانب سے عوامی سطح پر معافی کی ضرورت ہے۔ اے سی بی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں جس کا دوسرا مطلب یہ کہ وہ کرکٹ روابط کی بحالی بھی نہیں چاہتے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے جون میں کابل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد پاکستان کےساتھ دوستانہ میچز کی سیریز منسوخ کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔