شیخ سعید اور تسنیم امجد کی طر ف سے شاہ فیصل کاکڑ کے اعزاز میں الوداعیہ
ریاض(ذکاء اللہ محسن)سفارت خانہ پاکستان میں3 سال بطور قونصلر کام کرنے والے شاہ فیصل کاکڑ کو اہلیان ریاض کی جانب سے ڈھیروں نیک تمناوں اور خوشیوں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ شاہ فیصل کاکڑ اب اپنی سفارتی ذمہ داریاں بطور نائب سفیر بنگلہ دیش میں سرانجام دیں گے۔ شیخ سعید کی جانب سے شاہ فیصل کاکڑ کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں عہدیداروں اور ورکرز شریک ہوئے۔ معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبول پڑھ کر فضا کو منور کیا۔ بعد ازاں انہوںنے کہا کہ شاہ فیصل کاکڑ کاان کے ساتھ دوستی کا عظیم رشتہ استوار ہوا ،ان کی سادہ طبیعت نے لوگوں کو جلد ان کا شناسا بنا دیا۔اوورسیرز پنجاب ایڈوائزری کونسل کے ممبر اور لیگی رہنما راشد محمود بٹ کا کہنا تھا کہ شاہ فیصل کاکڑ نے ہمیشہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے خود کو وقف رکھا۔ سفارت خانہ پاکستان میں پاسپورٹ سیکشن ہو یا سعودی عرب کے دوردراز علاقوں میں پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کا کام، انہوں نے بخوبی نبھایا۔ چوہدری سجاد احمد کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی تھی کہ3 سال ہمیں شاہ فیصل کاکڑ کی صورت میں آفیسر میسر رہا۔ انہوں نے جس طرح کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ریاض میں منعقد ہونے والی ہر ادبی محفل میں ان کی شمولیت لازمی ہوتی۔ شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ ان کی رفاقت کبھی بھلا نہیں سکیں گے۔اپنے صدارتی خطاب میں شاہ فیصل کاکڑ نے کہا کہ ریاض میں پاکستان کی سب سے بڑی کمیونٹی آباد ہے اور یہ کمیونٹی گلدستے کی مانند ہے۔ یہاں 26 لاکھ پاکستانی جہاں پاک سعودی تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہیں پر وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ریاض کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس، راشد بٹ اور شیخ سعید کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا انعقاد کیا۔ آخر میں بابائے ریاض نے مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہ فیصل کاکڑ اور شیخ سعید کو سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی جبکہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے بھی تقریب کو سراہا اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل اوور سیزپاکستانینز ایگزیکٹوکونسل کی رکن پروفیسر تسنیم امجد کی جانب سے سعودی عرب میں پاکستان کے نائب سفیر محمد حسن وزیر اور قونصلر شاہ فیصل کاکڑ جو اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد پاکستان واپس جا رہے ہیں، ان کے اعزاز میں ریاض کے مقامی ہوٹل میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب میں پاکستان ایمبیسی کے اعلی افسران اور انکی فیملیز ، شہر ریاض کے معززین سمیت پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی۔ پروفیسر تسنیم امجد نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں سفارتخانہ پاکستان کے تمام اعلی افسران پاکستانی کمیونٹی کو در پیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں جو قابل تحسین ہے۔ تقریب کے اخر میں معزز مہمانوں کو تحائف بھی پیش کئے گئے اور پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔