اسلام آباد ... نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے حمایت اور جمہوری عمل میں ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں۔جمہوریت کا عمل واپس پٹری پرچڑھ گیا۔ منگل کو قومی اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ناہلی کے فیصلے کو پاکستان کے عوام نے رد کردیا ۔سپریم کورٹ کے فیصلے کی کوئی نظیر نہیں تھی لیکن اس پر من وعن عمل کیا ۔ نواز شریف پر کرپشن کا کوئی چارج نہیں۔ نواز شریف آج بھی اسمبلی میں وزیراعظم کی نشست پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک عدالت اور لگے گی جو اس عدالت سے بہت بڑی ہوگی۔ اس عدالت میں کوئی جے آئی ٹی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بننے پر کوئی خوشی نہیں ہوئی۔ پارلیمنٹ کو اپنا تقدس بحال کرنا ہوگا چاہے ۔مشکل فیصلوں کی ضرورت ہے جو کریں گے۔ ملک میں سرمایہ کاری ہو گی تو نوکریاں بھی ملیں گی۔ پوری کوشش کروں گا کہ عام شہریوں کے پا س خود کار اسلحہ نہ ہو۔ خود کار اسلحے کے لائسنس منسوخ کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست گالی بن چکی ہے ۔ہمارے قائد کا حکم ہے گالی کا جواب شائستگی سے دیا جائے۔ جو ٹیکس نہیں دیتے انہیں ٹیکس دینا پڑے گا۔ ٹیکس دینے والوں کے پیچھے جانا پڑے گا ۔اگر کابینہ نے اجازت دی تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پیکیج پر عملدرآمد ہو گا ۔کراچی میں ترقیاتی کام کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یکم نومبر کے بعد ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی ۔ملک میں تعلیم کا اعلی معیار لائیں گے۔ ہیلتھ کارڈ اسکیم میںمزید توسیع کی جائے گی۔