لاہور: انگلینڈ میں ہو نے والے ویمنزورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے اپنی تفصیلی رپورٹ پی سی بی حکام کو بھیج دی۔انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے ساتوں میچز میں پاکستانی ٹیم کی عبرتناک شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس کی وجہ جاننے کی ہدایت کی تھی۔ منگل کو ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہ کی اور خامیوں پر مبنی رپورٹ پی سی بی حکام کو بھیج دی۔رپورٹ کے مطابق ٹیم کی کپتان ثنا میر ، منیجر عائشہ اور چند سینئر کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی۔رپورٹ میں کپتان ثنا میر کو خود غرض اور اپنی ہی شخصیت کے گرد گھومنے والی کپتان قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ثنا میر ٹیم اور نئی کھلاڑیوں کے بجائے اپنی کارکردگی کے لئے فکر مند رہتی ہیں۔ہیڈ کوچ نے رپورٹ میں ٹیم کی بہتری کے لئے نئی منیجر اور نئی کپتان لانے پر زور دیا ہے۔خیال رہے کہ ویمن ورلڈ کپ کے تمام میچز میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ویمن ٹیم رینکنگ میں تمام ٹیموں سے پیچھے رہی تھی۔