اولمپکس میزبانی کےلئے پیرس اورلاس اینجلس کے مابین سمجھوتہ
لوزین:انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ لاس اینجلس 2028ءمیں ہونے والے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے فرائض انجام دے گا۔ یوں اب یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ 2024ءکے اولمپک کھیل فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ہوں گے۔ فریقین کے مابین ایک سمجھوتے کے نتیجے میں طے پایاہے کہ 2028 ءکے اولمپک کھیل لاس اینجلس اور 2024ءکے پیرس میں منعقد ہوں گے۔ در اصل 2024ءمیں ہونے والے اولمپکس کی میزبانی کے لئے لاس اینجلس اور پیرس کے نام سرِ فہرست تھے تاہم لاس اینجلس اولمپک اور پیرا لمپک کینڈیڈیچر کمیٹی کے درمیان طے پانے والی ایک ڈیل کے نتیجے میں لاس اینجلس نے چار برس بعدیعنی 2028 کے کھیلوں کی میزبانی کے لئے رضا مندی ظاہر کر دی جس کے نتیجے میں اب قوی امکانات ہیںکہ 2024 کے اولمپک مقابلے پیرس میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس بارے میں ابھی حتمی اعلان نہیں کیاگیا ہے کہ پیرس ہی 2024ءکے اولمپک کھیلوں کا میزبان شہر ہے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھوماس باخ نے کہاآئی او سی اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور ہم شفاف انداز میں اور بر وقت 2028ءکے اولمپک کھیلوں کے میزبان شہرکے اعلان پر مطمئن ہیں۔پیرس کی میئراین ہڈالگو کے نمائندے کے بقول پیرس کے سن 2024 میں ہونے والے اولمپکس کی میزبانی کے حوالے سے حتمی اعلان رواں برس ستمبر میں جنوبی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں ہونے والے آئی او سی کے اجلاس میں متوقع ہے۔آئندہ اولمپک کھیل جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں 2020 ءمیں منعقد ہوں گے۔