یوسین بولٹ آخری مقابلے آنجہانی برطانوی دوست ہائی جمپر جرمین میسن کے نام کریں گے
لندن :دنیا کے تیز ترین جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے کہا ہے کہ وہ لندن کی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں کامیابی کو اپنے آنجہانی دوست اور برطانوی ایتھلیٹ جرمین میسن کے نام کر دیں گے۔30سالہ ہائی جمپر جرمین میسن اپریل میں چل بسے تھے۔یوسین بولٹ بھی کیریئر کے آخری مقابلے میں شریک ہو رہے ہیں اور اس کے بعد وہ ریٹائر ہو جائیں گے۔چیمپیئن شپ کے حوالے منعقدہ پروگرام میں بولٹ کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر کا اختتام اپنے دوست کو شاندار خراج عقیدت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں اور ورلڈ چیمپیئن شپ میں میری کامیابی جرمین اور اس کے اہل خانہ کے لئے بہترین تحفہ ہوگا۔ یوسین بولٹ اس چیمپیئن شپ کے دوران 100میٹر اور100X4میٹر ریلے میں نہ صرف اپنا ریکارڈ برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے بلکہ اس ے مزید بہتر بناکر ایتھلیٹکس فیلڈ کو خیرباد کہنا چاہیں گے۔دنیا کے تیز ترین انسان کا اعزاز حاصل کرنے والے یوسین بولٹ ہفتہ کو 100میٹر کے فائنل میں آخری مرتبہ دوڑ میں حصہ لیں گے جبکہ ریلے میں شرکت ان کے شاندار اور ریکارڈ ز سے جگمگاتے کیریئر کا اختتام ہوگا۔