اسلام آباد... سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے حکومت کو سسلین مافیا کہہ دیا ۔کاش آپ اصل مافیا کے خلاف لڑ سکتے۔ آپ تو لینڈ مافیا کے خلاف ججمنٹ نہیں دے پا رہے۔ نیب ریفرنسز پر ایک جج تعینات کردیا گیا۔ مہذب دنیا میں کہیں دکھائیں کہیں چھوٹی کورٹ کی مانیٹرنگ اعلی عدلیہ کررہی ہو۔ کوئی بھی فیصلہ آئے اپیل کہا ںجائے گی۔ بینظیر کو میں نے کہا تھا کہ آپ سڑکوں پر کیس جیتیں گی۔ نواز شریف بھی لوگوں کو لے کر ساتھ چلیں اور عوام کی طاقت دکھائیں۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ نہیں بلکہ قانون کی بالادستی کے ساتھ ہوں۔ شروع سے آئین کے آرٹیکل62اور63کی ناقد ہوں ۔ جج کے لئے صرف قابلیت ہی ضروری نہیں بلکہ ایماندار ی اور وقار بھی لازم و ملزوم ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے جو الفاظ استعمال کئے گئے اس پر افسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ کبھی مسلم لیگ(ن) کو ووٹ نہیں دیا ۔ ہمیشہ سے پیپلز پارٹی کی ووٹر رہی ہوں۔ میرا جھگڑا کسی فرد یا پارٹی سے نہیں میرا جھگڑا پارلیمنٹ کے ساتھ ہے۔آئین و قانون کی بالادستی کے لئے پارلیمنٹ کو جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ اس سے غفلت برت رہی ہے۔