Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرٹھ کی 2تحصیلوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی

لکھنؤ------ اتر پردیش کے مغربی ضلع میرٹھ کی 2تحصیلوں موانا اور سردھنا میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پولیس نے سیکیورٹی بندوبست سخت کر دیا ہے ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز ضلع میرٹھ کی تحصیل مواناکے گائوں رانی نگلا میں جو ہستھیانا پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ہے 2افراد دین محمد اورا کے دوست نے دوسرے فرقے کے سندیپ اور روہت پر اس وقت تشدد کیا جب انہوں نے دین محمد کی کار کو سڑک پر راستہ دینے سے انکار کر دیا تھا ۔ پولیس نے ان دونوںملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جس کے نتیجے میں ان کے حامیوں نے موانا پولیس اسٹیشن کا گھیرائو کیا اور دونوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ یہی نہیں بلکہ دونوں ملزمان کے حامیوں نے سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کر دیں اور پولیس کیخلاف نعرے بازی کی ۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے روہت اور سندیپ کے حامی بھی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور انہوں نے بھی سڑک جام کر دی ۔ دونوں طرف سے پتھرائو شروع ہوا اور بہت سی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ یہی نہیں بلکہ سڑک پر ریڑھی والے تھے ان پر بھی پتھرائو کیا گیا ۔ دوسری تحصیل سردھنے میں بی جے پی کے کارکنوں نے افواہ اڑا دی کہ اکری روڈ پر مسجد تعمیر کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں بی جے پی کے حامی افراد اس جگہ جمع ہو گئے جہاں ایک مکان تعمیر کیا جا رہاتھا ۔ سردھنا پولیس نے فوراً ہی کارروائی کی اور جہاں ایک طرف تعمیر کو روک دیا گیا وہاں دوسری طرف بی جے پی کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا گیا ۔

شیئر: