اسلام آباد.. تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حمزہ شہباز کے خلاف عائشہ احد کے سنگین الزامات پر استفسار کیا وزیراعظم عائشہ احد کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائیں گے؟ ٹو ئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعظم کے لئے پہلا امتحان ہے۔ کیا حمزہ شہباز کے خلاف عائشہ احد کے سنگین الزامات کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائیں گے۔ عمران خان نے کہاکہ نئے وزیراعظم ان الزامات پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے یا عائشہ احد کے الزامات، پنجاب پولیس کے تشدد اور حمزہ شہباز کے دھوکے کو نظرانداز کر کے شریفوں کے درباری ہی رہیں گے۔انہوںنے خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انصاف کے حصول کے لئے عائشہ احد کا ساتھ دینا چاہیئے۔واضح رہے عائشہ احد نے حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے نوازشریف سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ عائشہ احدنے لاہور میں تحریک انصاف کی رہنماوں فردوس عاشق اعوان اور یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک پارلیمانی کمیٹی خان صاحب اور عائشہ گلالئی کے لئے بنائی گئی۔دوسری کمیٹی میرے اور حمزہ شہباز کے لئے بنائی جائے ۔