لاہور:پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن نجم سیٹھی آج اگلے3 سال کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ ان کے چیئرمین بننے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے 2 سابق چیئرمینوں خالد محمود اور لیفٹنٹ جنرل (ر) توقیر ضیاءنے چیئرمین کے عہدے کے لئے نجم سیٹھی کو سب سے اہل امیدوار قرار دیا ہے۔خالد محمود کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی ایک بڑے صحافی ہیں میں ابتداءمیں ان کے بارے میں شکوک و شبہات میں مبتلا تھے لیکن ان کے کام کرنے کے انداز کو دیکھنے کے بعد میری رائے یہی ہے کہ نجم سیٹھی ہی کو پی سی بی چیئرمین ہونا چاہیے۔ وہ قابل شخص ہیں جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کرائی اور اب میں ان کی صلاحیتوںکا قائل ہوگیا ہوں۔جنرل توقیر ضیاءنے کہا کہ پی سی بی کو اس وقت نجم سیٹھی سے بہتر شخص نہیں مل سکتا۔ اگر میں اس عہدے کے لئے نامزد ہوتا تو نجم سیٹھی کے حق میں دستبردار ہوجاتا اورمیں خود بھی اس عہدے کے لئے نجم سیٹھی ہی کولگانے کی سفارش کرتا۔ وہ پاکستان سپر لیگ کرانے کے بعد ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔پی سی بی کے سر پرست اعلی اور وزیر اعظم نے نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کو گورننگ بورڈ میں نامزد کیا ہے جبکہ پی سی بی کا نیا گورننگ بورڈ بھی3 سال کے لئے چارج سنبھا لے گا۔نئے گورننگ بورڈ میں 4 ڈپارٹمنٹس یو بی ایل، حبیب بینک، سوئی گیس اور واپڈا جبکہ4 ریجنز لاہور ، کوئٹہ، فاٹا اور سیالکوٹ کے نمائندے شامل ہوں گے۔