کراچی ...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت نواز شریف کی قیادت میں پالیسیوں کو آگے بڑھائے گی ۔ سیکیورٹی اداوں کی بے مثال قربانیوں سے کراچی کا امن بحال ہوا ہے ۔اقتصادی ترقی کے لئے بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا ۔مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام کیا جائے گا ۔ ہفتہ کو گورنر ہاوس سندھ میں بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پرامن انداز میں انتقال اقتدار ہوا۔ حکومت نے فوری طور پر کام شروع کردیا جو جمہوریت کے لئے نیک شکون ہے ۔انہوںنے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے ۔مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کی مشاورت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر قیام امن کے لئے اقدامات کئے ۔ پالیسی برقرار رہے گی۔ قانو ن نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی بے مثال قربانیوں سے کراچی کا امن اور اس کی رو شنیاں بحال ہوئیں ۔اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کراچی آپریشن سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم بنائیں ۔ انہوںنے کہا کہ اقتصادی ترقی ،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کاروباری برادری کو حکومت کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا ۔بزنس کمیونٹی کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا تو حکومت یہ مقاصد حاصل نہیں کرسکے گی ۔ سی پیک اور اور دیگر منصوبوں سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا ۔ دریں اثناءایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات میں شاہد خاقان نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ مکمل قیام امن کے لئے سیاسی جماعتوں کو حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سیاسی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں کراچی می امن کے لئے وفاقی حکومت کی پالیسی برقرار رہے گی۔