Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک کدال کی لاگت ایک دینار ، نہر زبیدہ

 1238برس تک زائرین حرم اس سے  اپنی پیاس بجھاتے رہے، اس پر 17لاکھ  مثقال سونا خرچ کیا گیا، عصرحاضر میں  اسکی قیمت 24کروڑ40لاکھ  ریال بنتی ہے

 
 
  نہر زبیدہ کا تذکرہ حج و عمرے اور زیارت کے حوالے سے  ضرور آتا ہے۔  یہ تاریخی نہر ایک عباسی خلیفہ کی بیٹی اور ایک عباسی خلیفہ کی بیوی نے کروڑوں دینار کی لاگت سے  اللہ تعالیٰ کی  خوشنودی اور ضیوف الرحمان کی  آسانی کے لئے بنوائی تھی۔  اب سعودی حکومت اس تاریخی نہر کا احیاء کرا رہی ہے۔  یہ 1400کلو میٹر سے  زیادہ طویل تھی۔ عرب دنیا میں اسے  ’’درب  زبیدہ ‘‘ کے نام سے  جانا پہچانا جاتا رہا ہے۔
یہ 186ھ میں بنوائی گئی تھی۔ بغداد شہر کے  وسط سے لیکر مکہ مکرمہ تک پہنچائی گئی تھی۔  نہر زبیدہ کے کنارے 50جھیلیں بنائی گئی تھیں۔ ایک جھیل سے دوسری جھیل یا ایک  تالاب سے  دوسرے  تالاب کا  درمیانی فاصلہ 25تا 30کلو میٹر رکھا گیا تھا۔  ان میں سے 5جھیلیں  یا  تالاب  بیحد مشہور تھے۔  ایک کا  نام (جمیماء) تھا۔   یہ سب سے  زیادہ مشہور تھا  ،اسے عین  زبیدہ بھی کہا جاتا تھا۔  یہ موسم گرما میں بھی معمول کے  برخلاف  بارش کے پانی سے  لبالب  رہتی تھی۔  رفحاء کے مشرق میں  14کلو میٹر دور  واقع تھا۔  اپنے منفرد  فن تعمیر کیلئے معروف تھا۔  اسکا  رقبہ لگ بھگ 3ہزار میٹر تھا۔   ساڑھے 3میٹر گہرا تھا۔
دوسرا تالاب العشار تھا، یہ سب سے زیادہ عمدہ ڈیزائن والاتھا۔  یہ رفحاء کمشنری کے ماتحت لینہ قصبے کے  جنوب مغرب میں 38کلومیٹر دور ’’نفود اللبید‘‘ کے پاس ہے۔
تیسرا ’’العرایش ‘‘کے نام سے جانا پہچانا جاتا ہے۔  اسے ام اقواس بھی کہا جاتا  رہا ہے۔
البدع چوتھا تالاب ہے۔  یہ  تربہ کے شمال مشرق میں 20کلو میٹر  دور ہے۔
پانچواں زرود ہے۔  بقعا ء کے شمال مشرق میں 50کلو میٹر  دور ہے۔
عباسی خلیفہ ابو جعفر المنصور کی بیٹی  اور  خلیفہ ہارون  رشید کی بیگم نے  نہر زبیدہ  بنوائی تھی۔ نہر زبیدہ کے  نقوش مٹ گئے تھے  اس کے چشموں  یا  تالابوں کا  حال  قصہ ماضی بن گیا تھا۔ لوگوں نے  اونٹوں اور گھوڑوں کے  ذریعے بری سفر کا سلسلہ ترک کیا  تو نہر زبیدہ بھی لاپروائی کا شکار ہوگئی۔
نہر زبیدہ کا شمار اہم ترین مسلم آثار قدیمہ میں ہوتا ہے۔  اس نہر کا تعلق حج  اور اس کے عازمین سے  بڑا  دیرینہ  اور بڑا مضبوط  اور بڑا یادگار ہے۔ 1238برس تک  پیاسے  حاجی ، معتمر ، زائر اور  سیاح نہر  زبیدہ سے  اپنی پیاس بجھاتے رہے۔  یہ 186ھ میں  بنائی گئی تھی۔ اس پر 17لاکھ  مثقال سونا خرچ کیا گیاتھا۔  جو 5950کلو گرام کے برابر ہوتا ہے۔ عصرحاضر میں  اسکی قیمت 24کروڑ40لاکھ  ریال بنتی ہے۔ نہر زبیدہ نے صدیوں معتمرین ، حج کے عازمین اور  زائرین کو  سیراب کیا۔  بغداد سے  نکلنے  والی یہ نہر حاجیو ںکے لئے  انمول نعمت تھی۔ عراقی ایرانی اور  مختلف ملکوں کے  حاجی  و معتمر نہر زبیدہ سے استفادہ کرتے تھے۔
خلیفہ ہارون الرشید کی بیوی زبیدہ نے یہ نہر حاجیوں  اور عمرے کے لئے ارض مقدس کا  سفر کرنے والوں کی  خدمت کی  خاطر تعمیر کرائی تھی۔اسکی  بدولت تجارت کو  بھی بڑا فروغ حاصل ہوا۔  نہر زبیدہ کے  اطراف میں آبادیاں بسیں۔ آس پاس رہنے  والوںکے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔ صحراء میں حیران و  پریشان گھومنے  والے  بدو  نہر زبیدہ کے  اطراف آکر آباد  ہوگئے۔
تاریخ میں آتا ہے کہ  زبیدہ نے اپنے خازن کو  ہدایت دی تھی کہ  وہ یہ منصوبہ ہر قیمت پر مکمل دیکھنا چاہتی ہیں۔  خازن نے کہا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق نہر بنانے پر خطیر رقم خرچ ہوگی۔  اس موقع پر زبیدہ نے جو جملہ کہا تھا  وہ تاریخ کے  زریں صفحات میں  انمٹ نقش چھوڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’نہر بنائی جائے۔ اگر ایک کدال پر ایک  دینار بھی خرچ ہو  تب بھی  نہر تیار  کی جائے‘‘۔
نہر تیار ہونے پر اسکے خازن نے پورا حساب کتاب پیش کیا  تو زبیدہ نے حساب کتاب پر مشتمل  فائل کو  لیکر نہر میں  ڈال دیا اور کہا کہ حساب یوم حسا ب کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔ یعنی انہیں لاگت نہیں بلکہ مسلمانوں خصوصاً   ضیوف الرحمان کی  منفعت مطلوب ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اب جس کے پاس اس منصوبے سے باقی ماندہ جو بھی رقم ہو  وہ اسکی ہوگی اور اگر کسی کا حساب ہماری طرف نکلتا ہو  تو ہم اسے ادا کرینگے۔خازن اور انکے ہمراہ جانے والے وفد کو  خلعت عطا کی گئی اور   وہ  وہاں سے  انکی تعریف میں رطب الاسان ہوکر باہر آئے۔
شیخ محمد طاہر الکردی  نہر زبیدہ کے  بارے میں تحریر کرتے ہیں کہ  نہر زبیدہ 2نہروں یا 2چشموں کے لئے بولا جاتا ہے۔  ایک تو عین نعمان کے لئے جو  میدان عرفات کے  دائیں جانب واقع ہے۔  ان دونوں کے  درمیان تقریباً   ایک کلو میٹر کا فاصلہ ہے۔ بعض لوگ اسے عین عرفات کہتے ہیں کیونکہ  یہ ایک طرف سے میدان عرفات سے قریب ہے۔ عین نعمان  وادی نعمان کے آخر میں  واقع جبل کرا  کے عقبی حصے سے نکلتا ہے۔
عین زبیدہ عین حنین کو بھی کہا جاتا ہے۔  یہ طائف کی  طرف سے  میدان عرفات کے بائیں جانب  واقع  ہے۔ گویا  الشرائع کے بالائی حصے میں تقریباً ایک کلو میٹر دور ہے۔
تاریخ کی کتابوں میں آتا ہے کہ یہ  زبیدہ ہی تھیں  جنہوں نے عین حنین اور عین نعمان کے پانی کو مکہ مکرمہ پہنچانے کے لئے نہر بنوائی تھی۔ یہ 174ھ کا  واقعہ ہے  اور پھر 211ھ میں  مامون نے اہل مکہ کو  زیادہ سے  زیادہ پانی مہیا کرنے کے لئے مزید سہولت کا  اہتمام کیا تھا۔
دراصل امیر مکہ مکرمہ نے 210ھ میں مامون الرشید کو  خط تحریر کرکے یہ آگاہ کیا تھا کہ اہل مکہ پانی کی قلت کے مسئلے سے  دوچار ہیں۔ اگر اجازت دیدی جائے تو انکے لئے بعض تالاب بنوادیئے جائیں۔
یورپی سیاحوں نے نہر زبیدہ اور اسکے چشموں کا  معائنہ کیا تھا۔ انہوں نے چشموں کے بارے میں اپنے مشاہدات قلمبند کئے۔  انکا کہنا ہے کہ  نہر زبیدہ کے چشمے  فن تعمیر کا خوبصورت نمونہ ہیں۔
محمد حمد البقعاوی کا کہنا ہے کہ  ٹھو س چٹانوں، کنوؤں اور چشموں کو  جدید طریقے سے تراشا گیا تھا۔ چٹانوں کو گرما کر مخصوص طریقے سے تراشا جاتا تھا اور چٹانوں کی  روک تھام کے لئے مخصوص قسم کا  سیمنٹ استعمال کیا جاتا تھا۔
سعودی حکومت خطیر رقم خرچ کرکے اپنے ماہرین کی  مددسے ’’نہر زبیدہ کا احیاء‘‘ کرا رہی ہے۔
یہاںزبیدہ کا تعارف بھی مناسب معلوم ہوتا ہے۔ ایسی عظیم انسانیت نواز شخصیت کا تعارف جس نے  ضیوف الرحمن کی  خدمت کرکے اسلامی تاریخ میں  اپنا نام لازوال بنالیا۔ انہیں ام جعفر کہا جاتا تھا۔   انکے  والد ابو جعفر المنصور تھے۔  وہ  انہیں کھیلاتے ہوئے کہا کرتے تھے کہ تم زبیدہ ہو۔  وہ ایسا اسلئے کہتے تھے کیونکہ  یہ خوش رنگ  اور  تروتازہ چہرے کی مالک تھیں۔ زبیدہ کے سوا  بنو ہاشم کی کوئی خاتون ایسی نہیں گزری جس نے کسی خلیفہ کو جنم دیا ہو۔جمادی الاول 216ھ  میں  بغداد میں انکا انتقال ہوا۔
کہا جاتا ہے کہ یہ 100باندیوں کی  مالکہ تھی۔  ساری  باندیاں  قرآن کریم حفظ کئے ہوئے تھیں۔  انکے قصر میں  قرآن کریم کی تلاوت کی آواز ہمہ دم گونجتی رہتی تھی۔
یہ بڑی فیاض اور کریم خاتون تھیں۔  ان کے کارنامے کو  ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ کہتے ہیں کہ عبداللہ بن المبارک نے  انہیں خواب میں دیکھا تو ان سے پوچھا کہ  اللہ تعالیٰ نے تمہارے ساتھ کیا سلوک کیا۔  انہوں نے جواب دیا کہ  مکہ مکرمہ  کے راستے میںاس پہلے کدال کی بدولت ہی  میری مغفرت کردی گئی جس سے پانی کا  چشمہ ابلا تھا۔
نہر زبیدہ کی اصلاح و مرمت میں کئی مسلم  سلاطین، امرا ء اور  بادشاہوں نے حصہ لیا۔ مکی  مؤرخ کردی اپنی کتاب  میں  تحریر کرتے ہیں کہ  نہر زبیدہ کی  اصلاح و  مرمت کرانے  والوں میں کئی نام آتے ہیں۔ ان میں ایک  تو متوکل علی اللہ جعفر بن المعتصم تھے۔
٭  241ھ میں مرمت کرائی تھی۔ 
٭  594ھ میں صاحب اربل مظفر الدین کجک نے مرمت کرائی۔ 
٭  620ھ اور 725ھ میں  امیر المومنین المنتصر باللہ العباسی نے کئی  بار اصلاح و  مرمت کا اہتمام کیا۔
٭  726ھ میں  تاتاریوں کے  بادشاہ  سلطان ابی سعید کے  نائب  امیر جویان نے  مرمت کرائی۔
٭  811ھ میں الشریف حسین بن عجلان  نے بھی مرمت کرائی۔
٭  اسکے علاوہ ایک  تاجر خواجہ سراج الدین بھی اسکی مرمت کرانے  والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
٭ 875ھ میں ملک  اشرف قائتبائی۔
٭  931ھ میں سلیمان باشا  
٭  969ھ میں  فاطمہ خانم نے جو  سلطان سلیمان کی بیٹی تھیں اسکی  مرمت میں حصہ لیا۔
٭  1025ھ میں  سلطان احمد بن  سلطان محمد خان
٭  1091ھ میں سلطان غازی محمد خان  بن السلطان  ابراہیم خان
٭  1124ھ میں معین  السلطان الغازی خان
٭  1242ھ میں والی مصر محمد علی پاشا نے نہر زبیدہ کی اصلاح و مرمت کا اہتمام کیا۔
نہر زبیدہ کے بارے میں  ایک رائے صور من  تراث  مکہ مکرمہ فی القرن الرابع عشر الھجری کے مصنف عبداللہ محمد ابکر نے پیش کی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ  نہر زبیدہ خالص مکی نہر ہے۔  یہ حقیقت اختلاف سے بالاتر ہے۔   جو لوگوں میں  یہ بات پھیل گئی ہے کہ نہر زبیدہ کے ذریعے مکہ اور بغداد کو  جوڑا گیا تھا۔  اس کے  ذریعے دریائے فرات کا پانی مکہ مکرمہ لایا گیا تھا  یہ بات  غلط اور  نامعقول ہے۔
بغداد سے مکہ مکرمہ تک حج  شاہراہ پر واقع کنوؤں ، تالابوں اور چشموں کی  وجہ سے بعض لوگوں کو  یہ غلط فہمی ہوگئی ہے۔  انہوں نے پانی کے ان ذرائع کو  اپنے تخیل سے ایک  نہر سے جوڑ دیا اور کہنے لگے کہ  زبیدہ نے دریائے فرات کا  پانی بغداد سے مکہ مکرمہ پہنچایا تھا۔ اس سوچ کی کوئی حقیقت نہیں۔ سچ بات وہی ہے کہ نہر زبیدہ خالص مکاوی  نہر ہے۔
یہ درست ہے کہ  زبیدہ نے اپنی زندگی میں  نہر احسن طریقے سے بنوائی تھی اور  یہ بھی درست ہے کہ  انکے  بعد مسلم  سلاطین  و امراء اوران بادشاہوں نے جو مکہ مکرمہ کے والی بنے اس کی اصلاح  و مرمت پر توجہ دی۔  اسکا جو  حصہ خراب ہوجاتا تھا  اسے ٹھیک کرا دیا جاتا تھا۔ سلاطین نے نہر زبیدہ تک رسائی کے راستے بھی بنوائے ۔ انہوں نے بارش کے پانی کو جمع کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کا بھی انتظام کیا۔ نہر زبیدہ سے ایک طرف تو مکہ مکرمہ کے باشندے سیراب ہوتے تھے تو دوسری جانب مشاعر مقدسہ ، منیٰ اور عرفات کے حاجی فیض یاب ہوتے تھے۔  حج جیسا کہ سب لوگ جانتے ہیں کہ عظیم الشان اجتماع ہے۔ حج کے موقع پر عازمین کو پانی بڑی مقدار میں درکار ہوتا تھا اور نہر زبیدہ حاجیوں کو سیراب کرنے میں بڑی  مدد گار ثابت ہوتی تھی۔
٭  1344ھ میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبدالعزیز آل سعود  رحمتہ اللہ علیہ نے نہر زبیدہ کو  بنانے سنوارنے کا حکم جاری کیا تھا۔
٭  سعودی حکومت خصوصاً  خادم حرمین  شریفین  شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے  اس کے احیاء کا حکم جاری  کیا۔  یہ حکم اس وقت دیا گیا تھا جب  وہ ولی عہد تھے۔ 
٭ کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ کے ماہرین اس کے احیاء کا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے نہر زبیدہ کے حوالے سے ایک، ایک جز پر مشتمل عظیم الشان فیلڈ سروے اور تاریخی معلومات جمع کرکے دقیق ترین جائزہ تیار کیا۔ انہوں نے نہر زبیدہ کے احیاء کے لئے درکار اقدامات پر مشتمل جامع منصوبہ مرتب کرکے  خادم حرمین شریفین کو پیش کیا۔
شاہ عبداللہ چاہتے ہیں کہ  حج موسم میں  لاکھوں  عازمین  نہر زبیدہ سے  استفادہ کریں۔ مختلف چشموں سے  اسے پانی کی  سپلائی کا بندوبست ہو۔ عازمین  آرام و راحت محسوس کریں۔
 

شیئر: